کرکٹ ورلڈ کپ 2023: پاکستان کا فاتحانہ آغاز، نیدرلینڈز کو 81 رنز سے شکست

جمعہ 6 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے نیدرلینڈز کی جیت کے امکانات کو شکست میں بدل دیا، شاہینوں نے ایک آسان ہدف 286 رنز کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے نیدرلینڈز کی پوری ٹیم کو41 ویں اوورز میں 205 رنز پر ڈھیر کر دیا، یوں پاکستان نے ورلڈ کپ 2023 کا پہلا میچ 81 رنز سے جیت کر اپنی کامیابیوں کی ابتدا کر دی۔

نیدرلینڈز کے اوپنر بیٹر میکس اوڈاؤڈ اور وکرم سنگھ نے کھیل کا آغاز کیا تو ایسا لگ رہا تھا کہ نیدرلینڈز پاکستان سے یہ میچ بآسانی جیت جائے گا لیکن حارث رؤف کی نپی تلی عمدہ بولنگ کی بدولت شاہین نیدرلینڈز کے بیٹرز کے آگے بند باندھنے میں کامیاب ہو گئے۔

نیدرلینڈز کے اوپنر بیٹر وکرم جت سنگھ اور باس ڈی لیڈے نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، وکرم سنگھ نے 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 67 گیندوں پر 52 رنز اسکور کیے، انہیں فخر الزمان نے شاداب خان کی گیند پر کیچ پکڑ کر پویلین کی راہ دکھائی۔

ان کے ساتھ اوپنر بیٹر میکس او ڈاؤڈ کو کھیل کے آغاز کے فوری بعد ہی 5 رنز پرحسن علی کی گیند پر شاہین شاہ آفریدی نے کیچ پکڑ کر پولین بھیج دیا۔ نیدرلینڈز کی پہلی وکٹ 28 رنز کے مجموعی اسکور پر گری۔

اس کے بعد ون ڈاؤن کولن ایکرمین کو بھی جلد ہی 17 رنز پرافتخار احمد نے کلین بولڈ کر دیا، اس کے بعد چوتھی وکٹ پر بس دی لیڈے کریز پر آئے تو انہوں نے نیدرلینڈز کے رنز میں تیزی سے اضافہ کرنا شروع کر دیا، انہوں نے 6 چوکوں 2 چھکوں کی مدد سے 68 گیندوں پر 67 رنز اسکور کیے، انہیں محمد نواز نے کلین بولڈ کیا۔

ان کے آؤٹ ہوتے ہیں نیدرلینڈز کے جیتنے کی تمام اُمیدیں دم توڑ گئیں، اس کے بعد نیدرلینڈز کا کوئی بھی کھلاڑی کریز پر جم کر نہ کھیل سکا۔

لیڈے کے آؤٹ ہونے کے بعد تیجا ندامانوروکریز پر آئے تو انہیں حارث رؤف کی گیند پر فخرزمان نے 5 رنز پر کیچ پکڑ کر پولین بھیج دیا، اس کے بعد اسکاٹ ایڈورڈز کو بھی حارث رؤف نے صفر پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔ ثاقب ذوالفقار کو شاہین شاہ آفریدی نے 10 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا جبکہ رولوف وین ڈیر مروے کو بابر اعظم کی تھرو پر رضوان نے رن آؤٹ کر دیا۔

آریان بٹ حسن کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے،  پال وین میکرین  7 رنز بنائے انہیں حارث رؤف نے کلین بولڈ کر کے پاکستان کی جیت پر مہر ثبت کر دی جب کہ لوگن وین بیک نے 28 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

پاکستان بولنگ کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے تمام بولرز نے وکٹیں حاصل کیں، حارث رؤف نے 3  حسن علی  2 جب کہ شاہین شاہ آفریدی، افتخار احمد، محمد نوازاور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

بھارت کے شہر حیدرآباد کے راجیو گاندھی اسٹیڈیم میں جاری ورلڈ کپ 2023 کے دوسرے میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو جیت کے لیے 287 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا، قومی ٹیم نے 49 اوورز میں 10 کھلاڑی آؤٹ پر 286 رنز اسکور کیے۔

میچ کے آغاز میں بابرالیون کے اوپننگ بیٹرز نیدرلینڈز کی بولنگ کے آگے زیادہ دیر کریز پر ٹک نہ سکے، شروعات میں ہی پاکستان کے 3 کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔ مڈل آرڈر محمد رضوان اور سعود شکیل نے شراکت داری بنا کر ٹیم کو سہارا دیا۔

سعود شکیل کو عمدہ کھیل پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا

محمد رضوان اور سعود شکیل نے 114 گیندوں پر 120 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ لیکن سعود شکیل کے آؤٹ ہونے کے بعد محمد رضوان بھی آؤٹ ہوگئے۔ شاداب خان اور محمد نواز نے دوسری بڑی 64 رنز کی پارٹنر شپ بنائی جس کے بعد قومی ٹیم کے اسکور بورڈ میں کچھ اضافہ ہوا۔

فخر زمان  12، امام الحق 15، کپتان بابر اعظم 5، سعود شکیل 68، محمد رضوان 68، محمد افتخار 9، شاداب خان 32، حسن علی صفر، محمد نواز   39 اور حارث رؤف 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ شاہین شاہ آفریدی 13 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ سعود شکیل کو عمدہ کھیل پیش کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

نیدرلینڈز کی جانب سے  لوگن وین بیک، پال وین میکرین، آریان دت نے ایک ایک، کولن ایکرمین نے 2 جبکہ باس ڈی لیڈے نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل بھارت میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے دوسرے میچ میں نیدرلینڈز نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا،  واضح رہے کہ نیدرلینڈز اور پاکستان نے جمعہ کو ورلڈ کے لیے اپنا پہلا پہلا میچ کھیلا۔

ٹاس جیتنے کے بعد بولنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے نیدرلینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے کہا کہ بہترین پچ لگ رہی ہے، دوسری اننگز میں بیٹنگ کے لیے سازگار ہوگی۔کوشش کریں گے پاکستان کو کم سے کم اسکور پر آؤٹ کرسکیں۔ ہم پہلے بھی پاکستان کے خلاف میچز کھیل چکے ہیں ہمارے اوپر کوئی بھی پریشر نہیں ہے۔

ٹاس کے موقع پر کپتان بابر اعظم نے کہاکہ بھارت میں اچھی مہمان نوازی ہو رہی ہے، 290 سے زیادہ اسکور کرنے کی کوشش کریں گے، پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور امام الحق اپوننگ کریں گے۔ اور آج کے میچ میں اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔

ہیڈ ٹو ہیڈ ورلڈ کپ میچز کا ریکارڈ

پاکستان اور نیدرلینڈز کی ٹیمیں آئی سی سی کے زیر نگرانی ہونے والے عالمی کپ کی تاریخ میں تیسری بار مدمقابل ہوں گی۔ اس سے پہلے دونوں ٹیموں کا آمنا سامنا پہلی بار 1996 کے عالمی کپ میں لاہور (پاکستان) میں ہوا جبکہ دوسری بار 2003 کے عالمی کپ کے دوران پارل (ساؤتھ افریقہ) میں ہوا اور دونوں ہی میچز میں جیت پاکستان کا مقدر بنی۔

دونوں ٹیموں کے مابین اب تک 6 ایک روزہ میچز کھیلے جاچکے ہیں جو کہ سارے ہی پاکستان نے جیت رکھے ہیں۔

آخری پانچ ایک روزہ میچوں کا نتیجہ

پاکستان نے اپنے آخری پانچ ایک روزہ میچز میں سے 02 میچ ہارے ہیں جبکہ 3 میچز میں فتح حاصل کی ہے۔ دوسری جانب نیدرلینڈز نے 2 میچز جیتے جبکہ 3 ہارے ہیں۔

نیدرلینڈز کا اسکواڈ

نیدرلینڈزکے اسکواڈ میں سکاٹ ایڈورڈز (کپتان)، میکس او ڈاؤڈ، باس ڈی لیڈے، وکرم سنگھ، تیجا ندامانورو، پال وین میکرین، کولن ایکرمین، رولوف وین ڈیر مروے، لوگن وین بیک، آرین دت، ریان کلین، ویسلے بیریسی، ثاقب ذوالفقار، شاریز احمد، سائبرینڈ اینجلبرچٹ شامل ہیں۔

پاکستان کا اسکواڈ

 قومی ٹیم کے اسکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان، فخر زمان، امام الحق، عبداللہ شفیق، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، سلمان علی آغا، محمد نواز، اسامہ میر، حارث رؤف، حسن علی، شاہین آفریدی، محمد وسیم شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp