“آپ پیسے نہیں دیں گے آپ مہمان ہیں اور یہ پاکستان ہے”

منگل 21 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اگر آپ پاکستان میں کسی کے مہمان ہیں تو سمجھ لیجیے کہ اب آپ ایک غیر معمولی مہمان نوازی کا لطف اٹھائیں گے۔ مہمان نوازی کا پاکستانی نظریہ مہمانوں کو کھانا کھلانے اور تفریح ​​فراہم کرنے سے کہیں زیادہ ہے اور اس میں مہمان کی حفاظت اور ضرورت پڑنے پر انہیں پناہ دینے کی ذمہ داری بھی شامل ہے یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں پاکستانی قوم اپنی مہمان نوازی کی وجہ سے مشہور ہے۔

اسی مہمان نوازی کا ایک خوبصورت نظارہ اس وقت سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر خوب پسند کیا جا رہا ہے۔ ٹویٹر صارف فرید خان نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک غیر ملکی سیاح ایک مقامی شہری کے ساتھ پھلوں کے ایک ٹھیلے سے کچھ پھل کھا تا ہے اور اس کے بعد وہ غیر ملکی سیاح رقم ادا کرنے کی کوشش کرتا دیکھائی دیتا ہے لیکن مقامی شہری اس کو رقم ادا کرنے سے منع کرتےہوئے کہتا ہے کہ “نہیں نہیں ، آپ پیسے نہیں دیں گے آپ مہمان ہیں اور یہ پاکستان ہے”۔

ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے ٹویٹر صارف نے لکھا ایسی مہمان نوازی اور کہاں ملے گی؟ جبکہ اسی حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ایک اور صارف نے ٹویٹ کی اور لکھا کہ ہاں یہ پاکستان ہے اور اس کرہ ارض پر سب سے مہمان نواز جگہ

پاکستانی شہری کی اس مہمان نواز پر پڑوسی ملک کے شہری بھی تعریف کیے بنا نہیں رہ سکے ۔ انڈیا سے تعلق رکھنے والے ایک صارف مدن موہن نے لکھا کہ بہت اچھا قدم ۔ ایک بار سورو گنگولی بھی 2004 کے دورے کی کہانی سنا رہے تھے۔ وہ ایک دکان پر جوتا خریدنے گئے جب انہوں نے بل ادا کرنے کی کوشش کی تو دکاندار نے لینے سے انکار کر دیا۔ اس نے جوتے کے بدلے ایک پیسہ بھی نہیں لیا۔خدا دونوں ممالک کو امن و امان نصیب کرے۔

صارفین کا کہنا تھا کہ اکثر غیر ملکی سیاحوں کی ویڈیوز میں دیکھا جاتا ہے کہ پاکستانی شہری ان کی خوب خاطر تواضع کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں موجود خوبصورت نظاروں کے ساتھ ساتھ پاکستانی قوم کی مہمان نوازی غیر ملکی سیاحوں کے لیے کشش کا باعث بنتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp