مسجدِاقصیٰ میں اسرائیلی وزیرکا دھاوا، سعودی عرب اور امارات کی شدیدمذمت

منگل 3 جنوری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

العربیہ کی خبر کے مطابق سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے مسجد اقصیٰ کے احاطے میں اسرائیل کے ایک اعلیٰ عہدہ دار کے ’دھاوے‘کی مذمت کی ہے۔

منگل کے روز اسرائیل کے انتہائی دائیں بازوسے تعلق رکھنے والے قومی سلامتی کے وزیراتمار بن گویر نے مقبوضہ بیت المقدس میں واقع مسجد اقصیٰ میں اشتعال انگیزدراندازی کی ہے۔اس کے بارے میں فلسطینی وزیراعظم محمد اشطیہ نے کہا کہ یہ مسجداقصیٰ کو ’’یہودی معبد‘‘میں تبدیل کرنے کی کوشش ہے۔

مسجداقصیٰ مکہ مکرمہ میں مسجدِحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی ﷺ کے بعد اسلام کا تیسرا مقدس ترین مقام ہے اور یہودیت کا سب سے مقدس مقام ہے۔اس کو یہودی عقیدے کی دو قدیم باقیات کا مرکز سمجھاجاتا ہے۔

سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مملکت مسجدِاقصیٰ کے احاطے میں دراندازی کرنے والے اسرائیلی اہلکار کے اشتعال انگیز اقدام کی مذمت کرتی ہے۔

مملکت نے اسرائیلی قابض حکام کے اشتعال انگیزطرزعمل کابھی ذکرکیا ہے جو قیام امن کے لیے بین الاقوامی کوششوں کو کمزورکرتے ہیں اور مذہبی تقدس کے احترام سے متعلق بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔

وزارتِ خارجہ نے سعودی عرب کےبرادر فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کے ٹھوس مؤقف کا بھی اعادہ کیا اور مملکت کی جانب سے ان تمام کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا جن کا مقصد “اسرائیلی قبضے کا خاتمہ اور تنازع کے منصفانہ اور جامع حل تک پہنچنا ہےتاکہ فلسطینیوں کی 1967 کی سرحدوں کے اندرایک آزاد ریاست قائم کی جاسکے جس کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس(یروشلم) ہو۔

متحدہ عرب امارات نے بھی اسرائیلی وزیر کی جانب سے مسجد کے صحن پر دھاوا بولنے کی مذمت کی ہے۔یواے ای کی وزارت خارجہ نے مسجد اقصیٰ کو مکمل تحفظ مہیّاکرنے اور وہاں خطرناک اور اشتعال انگیز خلاف ورزیوں کو ختم کرنے کی اہمیت کا اعادہ کیا ہے۔

بیان میں اسرائیلی حکام پرزوردیا گیا ہے کہ وہ کشیدگی میں کمی لائیں اور ایسا کوئی قدم نہیں اٹھائیں جس سے خطے میں کشیدگی اورعدم استحکام میں اضافہ ہو۔

وزارت خارجہ نے علاقائی اوران تمام بین الاقوامی کوششوں کی حمایت کا بھی اعادہ کیا جن کا مقصد مشرق اوسط میں امن عمل کو آگے بڑھانا اور’’غیرقانونی اقدامات‘‘کا خاتمہ کرنا ہے جو دو ریاستی حل کی راہ میں رکاوٹ اور 1967 کی سرحدوں میں آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے خطرے کا موجب ہیں۔

اردن نے بھی مسجد اقصیٰ کے احاطے میں بن گویر کے دورے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔اردن کی وزارت خارجہ نےایک بیان میں کہاہے کہ عمان مسجد اقصیٰ پر حملے اور اس کے تقدس کو پامال کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp