بھارت میں کیوی کھلاڑی کی اندھیرے میں پریس کانفرنس: کوئی ’حسن علی‘ کو بلاؤ، جنریٹر چلاؤ

پیر 9 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ورلڈ کپ کے بھارت کے انتظامات کا پول آئے روز کُھلتا جا رہا ہے۔ کبھی میچ تاخیر کا شکار ہیں، کبھی فلڈ لائٹس بند ہو جاتی ہیں تو کبھی اسکرین سے اسکور بورڈ گرافک غائب ہو جاتا ہے۔ میچ دیکھنے کے لیے آنے والے شائقین کرکٹ کو پرندوں کے فضلے سے بھری ہوئی کرسیوں پر بیٹھنے کو کہا جاتا ہے، پاکستانی شائقین کرکٹ کو ویزے نہیں دیے جاتے۔ جبکہ میچز کے لیے پچز کی تیاری بھی ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔

یہی وجہ ہے کہ  بھارتی کرکٹ بورڈ (جو کہ دنیا کا امیر ترین بورڈ ہے) آئی سی سی کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ میں ناقص انتظامات پر سخت تنقید کا نشانہ بن رہا ہے۔

گزشتہ روز حیدرآباد میں نیدرلینڈز کے خلاف میچ سے قبل کیوی کھلاڑی گلین فلپس کی پریس کانفرنس کے دوران بجلی بند ہوگئی۔ جب لائٹس بند ہو گئیں تو ٹیم انتظامیہ کے ایک رکن نے موبائل کی فلیش لائٹ کھولی جس کے بعد پریس کانفرنس فلیش لائٹ میں جاری رہی۔

کرکٹ شائقین سماجی رابطے کی ویب سائٹس پربھارت میں ورلڈ کپ کے لیے ناقص انتظامات کو سخت تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں ۔

اسپورٹس جرنلسٹ فرید خان نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’کینڈل لائٹ ڈنر تو سنا تھا آج کینڈل لائٹ پریس کانفرنس بھی دیکھ لی‘۔

ایک اور صارف صدام رانا نے صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ فلیٹ پچز، خالی گراؤنڈ، ناقص انتظامات، پاکستانی شائقین کو ویزے نہیں دیے گئے۔

سمیع اللہ حبیب نے ایکس پر پوسٹ کی اور کہا کہ حسن علی وہاں موجود ہیں، بی سی سی آئی ان سے جنریٹر چلانے کی درخواست کر سکتا ہے۔

ایکس پر موجود ایک اور صارف نے لکھا کہ باتیں کروڑوں کی، دکان پکوڑوں کی۔

دوسری جانب بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان میچ کے دوران بھارتی ٹیم کی شرٹ پہنے برطانوی یوٹیوبر ڈینیئل جاروس نے کھیل کے دوران میدان میں داخل ہوکر اسٹیڈیم میں موجود 30 ہزار سے زائد تماشائیوں کو حیران کردیا۔ سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے ڈینیئل جاروس کو لے جانے سے قبل کوہلی جاروس سے بات کرتے نظر آئے تھے۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ایسا دوبارہ ہونے سے روکنے کے لیے اضافی حفاظتی اقدامات کی ضرورت پڑی تو وہ اس پر غور کریں گے۔
متعلقہ شخص پر ایونٹ میں مزید کسی بھی کھیل میں شرکت کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ یہ معاملہ بھارتی حکام کے ہاتھ میں ہے۔ جاروس 2021 میں بھارت کے خلاف انگلینڈ کی ہوم ٹیسٹ سیریز کے دوران تین بار میدان میں اتر چکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp