نیوزی لینڈ نے ورلڈ کپ 2023 کے چھٹے میچ میں نیدرلینڈز کو 99 رنز سے شکست دے کر ورلڈ کپ میں دوسری کامیابی سمیٹ لی ہے۔ نیدرلینڈز نیوزی لینڈ کے 322 رنز کے تعاقب میں 46.3 اوورز میں 223 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
نیوزی لینڈ کے 322 رنز کے تعاقب میں وکرم جیت سنگھ اور میکس او ڈاؤڈ نے اننگز کا آغاز کیا تو جلد ہی وکرم جیت سنگھ 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، میکس او ڈاؤڈ بھی جلد ہی 16 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے اس طرح کولن ایکرمین نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 5 چوکوں کی مدد سے 73 گیندوں پر 69 رنز اسکور کیے۔
اس کے بعد نیدرلینڈز کا کوئی بھی کھلاڑی جم کر نا کھیل سکا، باس ڈی لیڈ نے 18 ، تیجا ندامانورو نے 21 ، اسکاٹ ایڈورڈز نے 30 ، رولوف وان ڈیر مروی نے 1 رنز اسکور کیا۔ اس طرح نیدر لینڈز کی پوری ٹیم 46.3 اوورز میں 223 رنز اسکور کر کے پویلین لوٹ گئی، اس طرح نیوزی لینڈ نے ورلڈ کپ کا اپنا دوسرا میچ بھی با آسانی جیت لیا۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے مچل سینٹنر نے سب سے عمدہ بولنگ کی، انہوں نے نیدرلینڈز کے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، اس کے بعد میٹ ہنری نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ راچین رویندر نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
نیوزی لینڈ ورلڈ کپ کے مسلسل 2 میچ جیت کر اپنے گروپ میں اسکور ٹیبل پر ٹاپ پر پہنچ گیا ہے، نیدرلینڈز اس سے قبل پاکستان سے بھی ہار چکا ہے۔
اس سے قبل بھارت کے شہر حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پیر کو کھیلے جا رہے میچ میں نیدرلینڈز کی ٹیم نے ٹاس جیت کر کیویز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس پر نیوزی لینڈ نے 7 وکٹوں پر 322 رنز بنائے۔
دنیدرلینڈز نے شروع میں نہایت عمدہ بولنگ کی اور ابتدائی 3 اوورز میں نیوزی لینڈ کے بلے بازوں کو ایک رنز بھی بنانے نہیں دیا تاہم نیوزی لینڈ کے 2 بیٹرز نے نصف سنچریاں اسکور کیں جبکہ مجوعی طور پر 6 بیٹرز 30 سے زیادہ اسکور بنانے میں کامیاب ہوئے۔
نیوزی لینڈ کے ول ینگ 80 گیندوں پر 70 رنز بنا کر نمایاں اسکورر رہے، ریچن رویندرا نے 51 گیندوں پر 51 جبکہ ٹام لیتھم نے 46 گیندوں پر53 رنز بنائے، دیگر بلے بازوں میں ڈیریل مچل نے 47 گیندوں پر 48 رنز بنائے، مچل سینٹنر نے 17 گیندوں پر 36 اور ڈیوون کونوے نے 40 گیندوں پر 32 رنز بنائے۔
نیدر لینڈز کی جانب سے آریان دت نے 10 اوورز میں 62 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، پال وین میکرن نے 9 اوورز میں 59 رنز دے 2 ، روئیلوف وینڈر میروی نے بھی 9 اوورز میں 56 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ باس ڈی لیڈے نے 10 اوورز میں 64 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں ٹاس جیت کر نیدر لینڈز کے کپتان نے کہا کہ چوں کہ شروع میں بولنگ کی کنڈیشن تھوڑی بہتر نظر آرہی ہے اس لیے ہم نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جبکہ کیوی کپتان ٹام لیتھم کا بھی یہی کہنا تھا کہ پہلے بولنگ موزوں لگتی ہے اور اگر ہم ٹاس جیتتے تو ہم بھی پہلے فیلڈنگ کو ہی ترجیح دیتے۔