آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کے آٹھویں میچ میں محمد رضوان اور عبداللہ شفیق کی عمدہ بیٹنگ اور شاندار سینچریوں کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی اور ورلڈ کپ میچز میں 1992 کے بعد دوسری مرتبہ سب سے زیادہ اسکور کا ہدف کامیابی سے مکمل کیا۔
سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنائے جس کے جواب میں پاکستانی بیٹرز نے عمدہ کھیل کی بدولت پہاڑ جیسا ہدف 10 گیندوں قبل یعنی 48.2 اوورز میں پورا کر لیا۔ پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 348 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے نوجوان بلے باز عبداللہ شفیق اور محمد رضوان کی بااعتماد شراکت داری نے پاکستان ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچنے میں مدد دی۔
مزید پڑھیں
پاکستان کی جانب سے محمد رضوان نے 121 گیندوں پر 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 131 رنز بنائے۔ عبداللہ شفیق نے 103 گیندوں پر 10 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 113 رنز بنائے۔ وہ پریرا کی بال پر متبادل کھلاڑی میڈی ہیمانتھنا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ شکیل سعود نے 30 گیندوں پر 31 رنز بنائے، انہیں سری لنکن بولر تھیکشنا نے اپنا شکار بنایا۔
پاکستان ٹیم کا آغاز مایوس کن تھا، امام الحق 12 گیندوں پر 12 رنز بنا کر مدوشانکا کی بال پر پریرا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان بابر اعظم 15 گیندوں پر 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، وہ بھی مدو شانکا کی بال پر سماراوکرما کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم حیدرآباد دکن میں کھیلے گئے اس میچ میں سری لنکن کپتان داسن شناکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان کے کپتان بابراعظم کو فیلڈنگ کی دعوت دی۔
اس سے قبل سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنائے، کوشال مینڈس 122 اور سمارا وکرما 108 رنز بناکر نمایاں رہے۔ پاکستان نے اپنی اننگز کے آغاز میں ہی 2 وکٹیں گنوا دی۔ قومی ٹیم نے 7 اوورز میں 37 رنز بنائے ہیں اور اس کے 2 کھلاڑی آؤٹ ہوئے ہیں۔
سری لنکا نے اننگز کا آغاز کیا تو دوسرے ہی اوور میں کوشل پریرا کھاتا کھولے بغیر ہی حسن علی کی وکٹ بن گئے۔ 5 رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد کوشل مینڈس آئے اور انہوں نے پاتھم نیسانکا کے ساتھ مل کر ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ابتدائی نقصان کا ازالہ کردیا۔
مینڈس اور نیسانکا نے دوسری وکٹ کے لیے 105 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ پاتھم نیسانکا نے 61 بالز کھیل کر 51 رنز بنائے اور شاداب کی گیند پر آوٹ ہو گئے، ان کا کیچ عبداللہ شفیق نے پکڑا۔ سری لنکا کے پانچویں کھلاڑی دھننجایا ڈی سلوا 34 گیندوں پر 25 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر شاہین آفریدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 4 اور حارث روؤف نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی، محمد نواز اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قومی ٹیم میں آج ایک تبدیلی کی گئی تھی، اوپنر فخر زمان کی جگہ ٹیم میں عبداللہ شفیق کو شامل کیا گیا ہے۔ دونوں ٹیموں کا یہ دوسرا میچ ہے، پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کو 81 رنز سے شکست دی تھی جب کہ سری لنکا کو جنوبی افریقہ نے 102 رنز سے ہرایا تھا۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اب تک ورلڈ کپ کے 9 میچز کھیلے گئے ہیں، 8 میچز میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی جبکہ ایک بے نتیجہ رہا۔
بابر اعظم نے میچ کے بعد کیا کہا؟
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے پاکستان ٹیم کی جیت کا کریڈٹ محمد رضوان کو دیا۔ میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محمد رضوان نے اپنے عمدہ کھیل اور پارٹنر شپ کی بدولت سری لنکا کی ٹیم پر پریشر ڈالا۔ بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم کے فاسٹ باؤلرز نے میچ کو اچھے سے فنش کیا، عبد اللہ شفیق کا پہلا ورلڈ کپ ہے اور وہ بہترین فارم میں نظر آرہے ہیں جس کی وجہ سے میں نے انہیں کھلانے کا فیصلہ کیا ، جیسے محمد رضوان اور عبد اللہ شفیق نے پارٹنر شپ قائم کی ، اس سے ہمیں جیتنے میں مدد ملی ۔ کپتان نے کہا کہ یہ ہمارے لیے اچھا ہے کہ مڈل آرڈر نے خود پر اعتماد کیا اور پاکستان کو فتح دلائی۔
اس میچ کے اہم ریکارڈز
.پہلی مرتبہ کسی میچ میں 4 کھلاڑیوں نے سینچریاں بنائیں
.عبداللہ شفیق اپنے ورلڈ کپ ڈیبیو میں سینچری بنانے والے کھلاڑی بنے
.عبداللہ شفیق بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں سینچری بنانے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بنے
.پاکستان نے ورلڈ کپ میں 345 رنز کا سب سے بڑا ہدف حاصل کیا
سری لنکا کیخلاف قومی ٹیم کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں کپتان بابراعظم، بیٹر عبداللہ شفیق، امام الحق، وکٹ کیپر محمد رضوان، سعود شکیل اور افتخار احمد شامل تھے۔ اس کے علاوہ نائب کپتان شاداب خان، محمد وناز، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور حارث بھی سری لنکا کے خلاف 11 رکنی قومی اسکواڈ کا حصہ تھے۔
سری لنکا کیخلاف پاکستانی خفیہ ہتھیار؟
حیدرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے ہیڈکوچ گرانٹ بریڈ برن کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے خلاف میچ کی تیاریوں میں مکی آرتھر ہمارا اہم ہتھیار ہیں، مکی آرتھر نے سری لنکن کھلاڑیوں کے بارے میں کافی تفصیلی پوائنٹ بتائے ہیں۔
گرانٹ بریڈ برن کا کہنا تھا کہ مکی آرتھر پہلے سری لنکا کی کوچنگ بھی کرچکے ہیں، انہیں ان کے بارے میں بہت کچھ معلوم ہے۔
ہیڈکوچ کا کہنا تھا کہ بطور ٹیم ہر حریف اور اس کی صلاحیتوں کا احترام کرتے ہیں، ہم بطور ٹیم اس بات پر فوکس ہیں کہ ہمیں جیت کے لیےکس طرح پرفارم کرنا ہے، ہم نے ابھی اپنا بہترین کھیل پیش نہیں کیا لیکن یہ تشویش کی بات نہیں ہے، یقین ہے کہ بہت جلد ٹیم اپنا بہترین کھیل پیش کرےگی۔ ہم کھلاڑیوں سے متاثر کن پرفارمنس چاہتے ہیں، اس وقت ہمارا فوکس کل کے میچ میں دو پوائنٹ حاصل کرنے پر ہے۔
جیت کا مومینٹم برقرار رکھ کر حیدرآباد کا مرحلہ بھی جیت پر ختم کریں گے: محمد نواز
آل راؤنڈر محمد نواز کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی کہ سری لنکا کے خلاف مقابلے کے دوران بھی جیت کے مومینٹم کو برقرار رکھیں اور حیدرآباد کا مرحلہ جیت پر ختم کریں۔
محمد نواز نے پی سی بی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت ضروری ہوتا ہے کہ آپ کسی بھی بڑے ٹورنامنٹ کا آغاز مثبت انداز میں کریں اور ہم یہی کچھ دیکھ رہے تھے۔ ہم نے یہاں 2 پریکٹس میچز کھیلے اور پھر پہلا میچ بھی یہیں کھیلا ہے اور اب ہم امید کر رہے ہیں کہ اسی مومینٹم کو برقرار رکھیں اور حیدرآباد کا مرحلہ جیت پر ختم کریں۔
محمد نواز کے مطابق وہ اور شاداب خان یہ پلان بنا چکے تھے کہ پارٹنر شپ قائم کرنی ہے اننگز کو آگے لے جانا ہے اور پھر اٹیک کرنا ہے لیکن بدقسمتی سے ایسا نہ ہوسکا تاہم ہم ایک اچھا ٹوٹل ٹیم کو دینے میں کامیاب رہے۔