آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023 کے ساتویں میچ میں انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 365 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔
دھرم شالا اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی، انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 364 رنز بنائے، بنگلہ دیش کو میچ میں کامیابی کے لیے 365 رنز درکار ہیں۔
انگلینڈ کی جانب سے اوپنرز ڈیوڈ میلان اور جونی بیرسٹو نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 115 رنز بنائے۔
جونی بیرسٹو 59 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے 52 رنز کی شاندار اننگز کھیل کربنگلادیشی کپتان شکیب الحسن کا شکارہوئے، بیرسٹو کے بعد ڈیوڈ میلان اور اور جوئے روٹ کے درمیان بھی اچھی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔
لیکن 38 اوورز میں اوپنر ڈیوڈ میلان 16 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 140 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر مہیدی حسن کا شکار ہوئے، اس کے بعد کپتان جوز بٹلر بھی 20 ، جوئے روٹ 82، لیام لیونگسٹون صفر پر آؤٹ ہوگئے۔
انگلینڈ کے 365 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش مشکلات کا شکار ہے، 17 اوورز میں 94 رنز پر بنگلہ دیش کے 4 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے ہیں۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ بنگلہ دیش اور انگلینڈ کی ٹیمیں کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں آج اپنا دوسرا میچ کھیل رہی ہیں، بنگلہ دیش اپنا پہلا میچ افغانستان سے 6 وکٹوں سے جیت گیا تھا۔
اپنے پہلے میچ میں انگلینڈ کی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 9 وکٹ سے شکست کھائی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : کرکٹ ورلڈکپ 2023: پاکستان آج اپنا دوسرا میچ سری لنکا کے خلاف کھیلے گا