سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیخلاف درخواستوں پر آج چوتھی فل کورٹ سماعت ہوگی

منگل 10 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ میں بینچز کی تشکیل سے متعلق بنائے گئے قانون کے خلاف درخواستوں کی سماعت آج گیارہ بجے ہوگی۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں فل کورٹ سماعت کرے گا۔ گزشتہ سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکلا نے اپنے دلائل مکمل کرلیے تھے جبکہ سیاسی جماعتوں کے وکلا آج بھی دلائل دیں گے۔

گزشتہ سماعت پر مسلم لیگ ق اور مسلم لیگ ن کی وکلا نے دلائل مکمل کر لیے تھے جبکہ جماعت اسلامی کے وکیل نے قانون کی حمایت کردی تھی۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے نوٹس کے باوجود عدالت میں دلائل نہیں دیے۔

گزشتہ سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان اور وکیل امتیاز صدیقی کے درمیان تلخی بھی پیدا ہوئی جب چیف جسٹس نے امتیاز صدیقی کو نظر انداز کر کے اٹارنی جنرل کو دلائل کا موقع دیا تو امتیاز صدیقی نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمیں بات کرنے کا موقع ہی نہیں دے رہے۔

جس پر چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ آپ کے دلائل مکمل نہیں ہوگئے تھے، اس پر امتیاز صدیقی نے کہا کہ آپ نے کہا تھا کہ اٹارنی جنرل کے دلائل سے پہلے اپ کو سنا جائے گا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ یہ بات آپ آرام سے بھی کہہ سکتے تھے جس پر امتیاز صدیقی نے جواب دیتے ہوئے چیف جسٹس کو اپنا رویے کی جانب توجہ دلائی۔

امتیاز صدیقی نے کہا کہ آپ کے رویہ کی وجہ سے سینئیر وکیل خواجہ طارق رحیم نے بھی عدالت آنے سے انکار کر دیا اور انہوں نے کہا ہے کہ آپ تک ان کا پیغام پہنچا دیا جائے۔ چیف جسٹس نے وکیل امیتاز صدیقی کو کہا کہ آپ اپنی نشست پر بیٹھ جائیں۔ امیتاز صدیقی روسٹرم پر کھڑے رہے تو چیف جسٹس نے کہا کہ آپ بیٹھتے ہیں یا میں آپ کو کچھ جاری کروں۔ جس کے بعد وکیل امتیاز صدیقی اپنی نشست پر بیٹھ گئے۔

پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کی سماعت پاکستان کے سرکاری ٹیلی ویژن پر براہ راست دکھائی جارہی ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب پاکستان کی سب سے بڑی عدالت کی کارروائی براہ راست نشر کی جارہی ہے۔

خیال رہے کہ پی ڈی ایم حکومت نے سپریم کورٹ کے پریکٹس اینڈ پروسیجر میں ترمیم کر کے بنچز کی تشکیل کا اختیار چیف جسٹس کے بجائے سینئر ترین ججز پر مشتمل تین رکنی کمیٹی کو دے دیا ہے جبکہ آرٹیکل 184/3 کے تحت مقدمات کا فیصلہ کے خلاف اپیل کا حق بھی دیا گیا ہے۔

سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 8 رکنی بینچ نے بل کے خلاف حکم امتناع جاری کر رکھا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp