عمران خان کے نام کا مسئلہ: چیئرمین پیمرا کو اوپر سے پریشر ہے تواستعفی دے دیں، جسٹس محمود مرزا

منگل 10 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے ریمارکس دیے ہیں کہ ’اگر چیئرمین پیمرا کو کوئی اوپر سے پریشر ہے تو وہ استعفی دے دیں۔

لاہور ہائیکورٹ میں چیرمین پی ٹی آئی عمران خان کا نام ٹی وی چینلز پر نشر نہ کرنے کے خلاف دائر متفرق درخواست پر سماعت جسٹس شمس محمود مرزا نے کی۔

عدالت میں چیرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے مختلف ٹی وی چینلز کا ریکارڈ پیش کیا جو عمران خان کا نام استعمال نہیں کرتے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا نام اور تصویر نشر کرنے پر کوئی پابندی نہیں

سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ’ہمارے مطابق ٹی وی چینلز پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا نام اور تصویر نشر کرنے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔‘

جسٹس شمس محمود مرزا نے سرکاری وکیل کے دلائل پر ریمارکس دیے کہ ’ اگر ایسا ہے تو میں ٹی وی چینلز کی اتھارٹیز کو طلب کرلوں گا۔‘

چیئرمین پیمرا استعفی دے دیں

معزز جج نے سرکاری وکیل کو ہدایت کی کہ آپ آپ جواب فائل کریں اس میں چیزیں لکھ دیں پھر دیکھ  لیتے ہیں۔

جسٹس شمس محمود مرزا نے کہا کہ ’اگر چیئرمین پیمرا کو کوئی اوپر سے پریشر ہے تو وہ  استعفی  دے  دیں، چیرمین نیب نے بھی استعفی دیا ہے ناں۔‘
عدالت نے سرکاری وکیل سے متفرق درخواست پر تحریری جواب طلب کر لیا اور کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp