کرکٹ ورلڈ کپ: انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو 137 رنز کے بھاری مارجن سے ہرادیا

منگل 10 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ میں انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 137 رنز سے شکست دے دی.

منگل کو ہماچل پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم دھرمشالہ میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے ساتویں میچ میں انگلش ٹیم کے 365 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی ٹیم 48.2 اوورز میں 227 رنز پر آؤٹ ہوگئی.

انگلینڈ کے ریس ٹوپلے نے 4 اہم وکٹیں حاصل کیں، انگلینڈ کے اوپننگ بیٹر ڈیوڈ ملان کو 140 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں9 وکٹ پر364 رنز بنائے۔ انگلش ٹیم کے اوپنرز نے اننگز کا پراعتماد انداز میں آغاز کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 115 رنز بنائے اوپنر جونی بیرسٹو 52 رنز بنانے کے بعد آ=ٹ ہوئے تو جو روٹ نے ڈیوڈ ملان کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ پر 151 رنز کی شراکت قائم کرکے مجموعی اسکور کو 266 تک پہنچا دیا۔

ڈیوڈ ملان نے شاندار سینچری کرتے ہوئے 107 گیندوں پر 5 چھکوں اور 16 چوکوں کی مدد سے140 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ جو روٹ نے82 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی تاہم ان کے علاوہ دیگر کوئی بیٹر قابل ذکر پارفارمنس کا مظاہرہ نہیں کر سکا۔

کپتان جوس بٹلر اور ہیری بروک نے 20,20 رنز بنائے، لیام لیونگ سٹون صفر، سیم کرن 11، کرس ووکس 14، عادل رشید 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ مارک ووڈ 6 اور ریس ٹوپلے ایک رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ بنگلہ دیش کی طرف سے مہدی حسن نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، شریف الاسلام نے 3، تسکین احمد اور شکیب الحسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

انگلینڈ کے 364 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی ٹیم 48.2 اوورز میں 227 رنز پر ہی آؤٹ ہوگئی، اوپنر لٹن داس نے 76، مشفیق الرحمیم نے 51 اور توحید ہریدوئے نے 39 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ان کے علاوہ بنگلہ دیش کے باقی بلے باز قابل ذکر پرفارمنس کا مظاہرہ نہ کر سکے، تنزید حسن اور کپتان شکیب الحسن ایک ایک جبکہ نجم الحسن شنٹو بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

مہدی حسن میراز نے 8، تسکین احمد 15، مہیدی حسن 14 اور شریف الاسلام 12 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ کی طرف سے ریس ٹوپلے 4 وکٹوں کے ساتھ کامیاب ترین بولر رہے، کرس ووکس نے دو، سیم کرن، مارک ووڈ، عادل رشید اور لیام لیونگ سٹون نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ ڈیوڈ ملان کو 140 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp