بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ 2023 کا نواں میچ نیو دہلی کے ارن جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، یہ وہی گراؤنڈ ہے جہاں ساؤتھ افریقہ اور سری لنکا کی ٹیموں نے 700 سے زائد اسکور کیے اور ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹارگٹ دیا گیا۔
آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے افتتاحی میچ میں آسٹریلیا کو آؤٹ کلاس کرنے کے بعد بھارت اپنا دوسرا میچ افغانستان کے خلاف کھیلنے کے لیے تیار ہے۔ دوسری طرف افغانستان کو اپنے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست کا سامنا ہوا تھا، اب دیکھنا یہ ہے کہ افغانستان بنگلہ دیش سے ہار کا بدلہ بھارت سے لے سکتا ہے کہ نہیں۔
بھارت اس وقت آئی سی سی ورلڈ کپ رینکنگ میں پہلے یا دوسرے نمبر کی درجہ بندی پر موجود رہتا ہے، اس کے ساتھ ساتھ بھارت یہ ورلڈ کپ اپنے ہوم گراؤنڈ میں کھیل رہا ہے، لیکن اس کے باوجود افغانستان کے پاس چند ایک کھلاڑی ایسے ہیں جو کبھی بھی گیم کا پاسا پلٹ سکتے ہیں۔
افغانستان کے وکٹ کیپر بیٹر رحمان اللہ گرباز، فاسٹ بولر فضل حق فاروقی اور لیگ اسپنر راشد خان کبھی بھی کسی بھی ٹیم کے خلاف اپنا بھرپور کھیل پیش کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ بھارت اگر ان تینوں کھلاڑیوں پر قابو پا لے گا تو گیم جیتنے میں کامیاب ہو سکتا ہے۔
مزید پڑھیں
میزبان ٹیم بھارت کے لیے افغان وکٹ کیپر بلے باز رحمان اللہ گرباز خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں اور ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ فضل حق فاروقی جو بائیں ہاتھ کی سوئنگ بال کرانے میں بہترین ہیں، بھارت کے ٹاپ آرڈرز بلے بازوں کو نقصان پہنچانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
راشد خان ایسے بولر ہیں جن کا سامنا کرنے والی ہر ٹیم ان سے ہوشیار رہتی ہے۔ وہ آئی پی ایل میں کئی سالوں کھیل رہے ہیں اور بھارتی بیٹرز نے انھیں بہت کھیلا ہے، پھر بھی وہ اپنی مختلف ڈلیوریز سے ناقابل یقین حد تک مشکلات پیدا کرسکتے ہیں۔
بھارت کو افغانستان کے ان 3 پلیئرز پر نظر رکھنی ہوگی کیونکہ یہ 3 پلیئرز کبھی بھی کسی بھی وقت کسی بھی گیم کا پاسا پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ دوسری جانب بھارت اور افغانستان کے لیے ایک مشکل یہ بھی ہے کہ دونوں ٹیمیں اپنا پہلا پہلا میچ سلو پچز پر کھیلے ہیں جبکہ ارن جیٹلی اسٹیڈیم کی پچ گزشتہ میچز کی بدولت انتہائی تیز لگ رہی ہے۔
گزشتہ میچ میں ویرات کوہلی اور کے ایل راہول نے اپنی ماسٹر بلاسٹر بیٹنگ سے آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دلانے میں اہم کردار ادا کیا، افغانستان کو ان 2 کھلاڑیوں پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔
ورلڈ کپ ہیڈ ٹو ہیڈ میچز
دونوں ٹیمیں ابھی تک ون ڈے انٹرنیشنل ورلڈ کپ میں 3 بار آمنے سامنے آچکی ہیں، جن میں سے بھارت 2 میچز جیت چکا ہے، جبکہ ایک میچ برابر ہوا ہے۔
بھارت نے افغانستان کے خلاف اب تک سب سے زیادہ 252 اسکور کیے، جبکہ افغانستان کے بھی ہائی ایسٹ اسکور 252 ہی ہیں۔
بھارت نے سب سے کم 224 اسکور کیے جبکہ افغانستان کے بھارت کے خلاف 159 سب سے کم اسکور ہیں۔
بھارت کا اسکواڈ
بھارت کے اسکواڈ میں کپتان روہت شرما، ہاردک پانڈیا، ویرات کوہلی، شریاس ایر، راہول، رویندرا جدیجا، شاردول ٹھاکر، جسپریت بمراہ، محمد سراج، کلدیپ یادیو، محمد شامی، آر ایشون، ایشان کشن اور سوریہ کمار یادو شامل ہیں۔
افغانستان کا اسکواڈ
افغانستان کے اسکواڈ میں کپتان حشمت اللہ شاہدی، رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زدران، رحمت شاہ، نجیب اللہ زدران، محمد نبی، عظمت اللہ عمرزئی، راشد خان، مجیب الرحمان، نوین الحق، فضل الحق فاروقی، اکرام علی خیل، عبدالرحمٰن، ریاض حسن اور نور احمد شامل ہیں۔