چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف پاکستان اور انڈیا کا میچ احمد آباد میں دیکھیں گے

بدھ 11 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کل انڈیا کا دورہ کریں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیرمین ذکا اشرف جمعرات کو انڈیا روانہ ہوں گے، ذکا اشرف کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اور انڈیا کا احمد آباد میں ہونے والا میچ دیکھیں گے۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق ذکا اشرف نے یہ فیصلہ اس بات کی تصدیق کے بعد کیا ہے کہ پاکستانی میڈیا کو انڈیا میں آئی سی سی مینز ورلڈ کپ کے موقع پر ویزوں کے لیے اپنے پاسپورٹ جمع کرانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ انہوں نے انڈیا جانا موخر کر دیا تھا لیکن اب وہ اس بات کی تصدیق کے بعد جا رہے ہیں کہ پاکستانی صحافیوں کو میگا ایونٹ کی کوریج کے لیے ویزا حاصل کرنے کے لیے اپنے پاسپورٹ جمع کرانے کو کہا گیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ انہیں خوشی ہے کہ دفتر خارجہ کے ساتھ ان کی بات چیت نے ویزے میں تاخیر کے حوالے سے مثبت پیش رفت حاصل کرنے میں مدد کی ہے۔

ذکا اشرف کے مطابق وہ اس بات سے بہت خوش ہیں کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ میں اب تک عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور دونوں میچ جیت لیے ہیں، پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی اور پوری قوم قومی کھلاڑیوں کے ساتھ ہے۔؎

انہوں نے کہا کہ ان کے انڈیا جانے کا مقصد پاکستانی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنا ہے اور انڈیا کے خلاف اہم میچ سے قبل ٹیم کے لیے ان کا پیغام یہی ہے کہ وہ بے خوف ہو کر کھیلیں جیسا کہ وہ پورے ایونٹ میں کھیلے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp