غزہ میں شہادتوں کا سلسلہ برقرار، رہائشی عمارتیں، اسکول اور اسپتال بدستور اسرائیل کے نشانے پر

بدھ 11 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

غزہ اور مقبوضہ مغربی پٹی پراسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 260 بچوں اور 230 خواتین سمیت تقریباً 1100 فلسطینی شہید اور سوا 5 ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔ شہید ہونے والوں میں 8 صحافی بھی شامل ہیں جبکہ 20 رپورٹرز پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کی انجام دہی کے دوران بمباری میں شدید زخمی ہوئے ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق 7 اکتوبر سے جاری جھڑپوں اور گولہ باری کے نتیجے میں اب تک تقریباً 1100 فلسطینی شہید اور سوا 5 ہزار سے زیادہ زخمی ہوچکے ہیں جبکہ 1200 سے زیادہ اسرائیلی ہلاک اور 3000 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔

اسرائیل نے فلسطین کے نہتے مسلمانوں پر حملہ حماس کے ایک زوردار حملے کے جواب میں کیا جبکہ حماس کا کہنا ہے کہ اس کا حملہ یروشلم میں مسجد اقصیٰ کے خلاف اسرائیلی حکام کی کارروائیوں کےکا جواب ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی محاصرے کے نتیجے میں غزہ میں اسپتال ادویات، طبی آلات اور ایندھن کی شدید قلت کا شکار ہیں۔

وزارت صحت نے بتایا کہ بجلی کی فراہمی میں تعطل صحت کے نظام کے لیے ایک چیلنج ہے اوراس کی وجہ سے سینکڑوں شدید زخمی شہریوں اور بیماروں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں تاہم جنریٹرز سے بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تکنیکی اور انجینئرنگ نگ عملہ 24 گھنٹے کام کر رہا ہے۔

دریں اثنا روسی خبر رساں ادارے تاس نے فلسطینی وزارت خارجہ کی طرف سے ایکس ( سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں اب تک کم از کم 22,639 رہائشی عمارتیں اور 10 اسپتال تباہ ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ 48 اسکولوں کو بھی نقصان پہنچا ہے اورعلاقے میں بجلی اورانٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔

اسرائیل کا زمینی کارروائی کا بھی اعلان، 3 لاکھ ریزرو فوجی سرحد پر جمع

اسرائیل نے گزشتہ 5 دنوں سے جاری فضائی حملوں کے بعد اب غزہ میں زمینی فوجی کارروائی کا بھی اعلان کیا ہے جس کے لیے 3 لاکھ اسرائیلی فوجی غزہ کی سرحد پر جمع ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے پہلے ہی غزہ کا مکمل محاصرہ کر کے یہاں خوراک، پانی ، ایندھن اور دیگر اشیا ضروریہ کی ترسیل روکی ہوئی ہے۔

الجزیرہ اور بی بی سی کے مطابق غزہ میں حکام نے کہا ہے کہ علاقے کو بجلی فراہم کرنے والے بجلی گھر میں چند گھنٹوں کا ایندھن باقی رہ گیا ہے جس کے بعد بجلی کی پیداوار مکمل طور پر بند ہو جائے گی اور پورا علاقہ رات کے وقت اندھیرے میں ڈوب جائے گا۔

حکام کے مطابق اس وقت غزہ میں بہت بڑا انسانی المیہ جنم لے رہا ہے اور یہاں کے لاکھوں مکینوں کو بنیادی ضروریات زندگی تک رسائی نہیں۔

غزہ کے اسپتال میں بجلی فراہم کرنے والے جنریٹرز کے لیے بھی ایک دن سے کم مدت کا ایندھن باقی رہ گیا ہے جس کے بعد اسپتال میں زیرعلاج ہزاروں افراد کی زندگیاں خطرے میں پڑ جائیں گی۔

اسرائیلی مسلح افواج کے ترجمان جوناتھی کونریکس نے 3 لاکھ ریزرو فوجیوں کے غزہ کی سرحد پر جمع ہونے کی تصدیق کی ہے۔

اسرائیلی فوج نے غزہ کے علاقے بیت ہانون میں گزشتہ شب کے دوران 80 اہداف اور الفرقان میں 200 اہداف کو فضائی حملوں میں نشانہ بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کارروائی کےدوران علاقے میں حماس کو فنڈز کی ترسیل میں استعمال ہونے والے 2 بینکوں، حماس کے 2 آپریشنل کمانڈ سینٹرز، ایک زیر زمین سرنگ اور غزہ کی فضائی حدود میں طیاروں کی نشاندہی کرنے والے مرکز کو تباہ کر دیا گیا ہے۔

اسرائیل کا فاسفورس بموں کا استعمال، ویڈیو جاری

فلسطین نے اسرائیل پرغزہ کے شمالی علاقہ الکرامہ میں فاسفورس بم استعمال کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اس کی ویڈیو جاری کی ہے۔

روسی ذرائع ابلاغ کے مطابق بین الاقوامی قانون کے تحت سفید فاسفورس گولہ بارود کے استعمال پر سختی سے پابندی ہے۔ اقوام متحدہ کے سنہ 1980 کے بعض روایتی ہتھیاروں کے کنونشن کے مطابق اس گولہ بارود کو گنجان آبادی والے علاقوں میں استعمال نہیں کیا جانا چاہیے کیونکہ اس سے شہریوں کو خطرات لاحق ہو تے ہیں۔

فلسطین کی وزارت خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹویٹر پر شیئر کی گئی ویڈیو کے ساتھ الزام عائد کیا کہ اسرائیل غزہ کے شمال میں الکرامہ کے علاقے میں فلسطینیوں کے خلاف بین الاقوامی سطح پر ممنوعہ سفید فاسفورس بم کا استعمال کر رہا ہے۔

ویڈیو میں عمارتوں کے قریب بڑی تعداد میں چھوٹی اشیا جلتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں اورسفید دھواں دکھائی دے رہا ہے۔

سفید فاسفورس والا گولہ بارود انسانی زندگی کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔ واضح رہے کہ سفید فاسفورس ہوا میں موجود آکسیجن کے ساتھ مل کر جل اٹھتا ہے اور اس وقت اس کا درجہ حرارت 800 سے 2500 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جاتا ہے۔

وہ تباہی کریں گے کہ منظر تک ناقابل دید ہوگا، اسرائیلی فوج

اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ میں بہت تیزی لائی جائے گی اور وہاں اس قدر تباہی ہو گی کہ لوگ اس کے مناظر دیکھنے کی تاب نہ لا سکیں گے۔ امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے کہا ہے کہ ان کا ملک غزہ کے مکینوں کو محفوظ راستہ فراہم کرنے کے لیے اسرائیل اور مصر کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے۔

فلسطینیوں کا احتجاج

ادھر مغربی کنارے میں مقیم ہزاروں فلسطینیوں نے غزہ میں اسرائیل کے فضائی حملوں کے خلاف احتجاج کیا ہے۔انہوں نے فلسطینی پرچم اور اسرائیلی فضائی حملوں میں شہید ہونے والوں کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔

حماس کی کارروائیوں میں 1,200 اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں، سابق فوجی ترجمان

روسی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیل کے سابق فوجی ترجمان جوناتھن کونریکس نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اسرائیلی ڈیفنس فورسز کے اکاؤنٹ پر پوسٹ کی گئی وڈیو میں کہا ہے کہ اسرائیل پر حماس کے حملوں کے نتیجے میں 1,200 اسرائیلی ہلاک اور 1,200 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔

کونریکس نے بتایا کہ حماس نے اپنے حملے کو مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ کے خلاف اسرائیلی کارروائیوں کا جواب قرار دیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اسرائیل نے غزہ کی پٹی کا مکمل محاصرہ کر لیا ہے ا ور مغربی کنارے میں جھڑپیں جاری ہیں اور لبنان کے ساتھ سرحد پر توپ خانے سے فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا ہے۔

امریکی طیارہ اسرائیل پہنچ گیا، دشمن جانتا ہے ہمارا باہمی تعاون مثالی ہے، صیہونی فوج

صیہونی مسلح افواج کے لیے گولہ بارود سے لدا پہلا امریکی طیارہ بدھ کو علی الصبح اسرائیل پہنچ گیا۔

اسرائیلی ڈیفنس فورسز کی پریس سروس کے مطابق یہ طیارہ نیواتیم ایئربیس پر اترا۔  یہ جدید گولہ و بارود سے لدا ہوا ہے۔ اسرائیلی فوج نے اس حمایت پر امریکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مشترکہ دشمن جانتے ہیں کہ ہماری افواج کے درمیان تعاون کتنا مضبوط ہے اور یہ علاقائی سلامتی اور استحکام کا کلیدی عنصر ہے۔

دوسری جانب اسرائیل نے جنگ کے لیے تیار رہنے اور غزہ کی پٹی کی مکمل ناکہ بندی کا اعلان کیا ہے۔ مغربی کنارے میں بھی جھڑپیں شروع ہوچکی ہیں اور لبنان کے ساتھ سرحد پر فریقین میں توپ خانے سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔

اسرائیل کے بعض اقدامات بین الاقوامی قانون سے متصادم ہیں، یورپی یونین

یورپی یونین نے کہا ہے کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے لیکن فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی حکومت کی جانب سے کیے گئے بعض اقدامات بین الاقوامی قانون سے متصادم ہیں۔

روسی ذرائع ابلاغ کے مطابق یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کمشنر جوزپ بوریل نے اومان میں یورپی یونین اور خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے وزرائے خارجہ کے مشترکہ اجلاس کے دوران کہا کہ اسرائیل کو اپنا دفاع بین الاقوامی قانون کے مطابق کرنا چاہیے لیکن اس کے بعض اقدامات بین الاقوامی قانون کے خلاف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین اور خلیج تعاون کونسل نے حماس کےحملوں کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے شہریوں پر کسی بھی حملے کی بھی مذمت کرتے ہوئے تمام یرغمالیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ بین الاقوامی قانون کا احترام کرے اور غزہ کی شہری آبادی کو خوراک، پانی یا بجلی کی فراہمی میں رکاوٹ نہ ڈالے۔

یورپی یونین اور خلیج تعاون کونسل نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ انسانی ہمدردی کے تحت غزہ سے مصر تک راہداری کھولے تاکہ شہری اسرائیلی جوابی فضائی حملوں سے قبل علاقے سے نکل سکیں۔ جوزپ بوریل کا بیان اسرائیلی وزیر دفاع یوایو گیلانٹ کے غزہ کے مکمل محاصرے کے حکم کے بعد سامنے آیا ہے۔

غزہ میں 2 لاکھ 60 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوئے، اقوام متحدہ

اقوام متحدہ نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں 2 لاکھ 60 ہزار سے زیادہ لوگ اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

عرب نشریاتی ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے ادارے او سی ایچ اے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بمباری کے باعث نے 1,000 سے زائد مکانات کو تباہ ہوئے اور 560 رہائش کے قابل نہیں رہے۔

انہوں نے بتایا کہ جو لوگ بے گھر نہیں ہوئے ہیں ان کے لیے بنیادی ضروریات کو پورا کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اسرائیل نے غزہ کی پٹی پر پہلے سے ہی ناکہ بندی کی ہوئی ہے اور علاقے کا مکمل محاصرہ کر کے خوراک، پانی، ایندھن کی ترسیل روک دی ہے اور اس اقدام سے پہلے سے ہی سنگین انسانی صورتحال مزید خراب ہو جائے گی۔

فلسطینی صدر محمود عباس کے دورہ روس کی حتمی تاریخ طے نہیں، روسی ترجمان

روسی صدارتی ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا ہے کہ فلسطینی صدر محمود عباس کے دورہ روس کی تیاری کی جا رہی ہے لیکن یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ یہ دورہ کب ہو گا تاہم آئندہ چند دنوں میں حتمی تاریخوں کے بارے میں مطلع کر دیا جائے گا۔

پیسکوف نے یہ بھی کہا کہ محمود عباس کے دورہ روس کی پہلے سے منصوبہ بندی کی گئی تھی تاہم کوئی تاریخ طے نہیں ہوئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp