ریاست کرپشن اور اسمگلنگ کرنے میں معاونت کرتی ہے، چیف جسٹس قاضی فائز عیسی

جمعرات 12 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نقد رقم کے بجائے ماہانہ سونا کمیٹی اسکیم میں سونے کی عدم ادائیگی پر گرفتار ملزم کی ضمانت منظور کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے پولیس کی غیر معیاری تفتیش پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

مجموعی طور پر 70 تولہ سونا کمیٹی اسکیم کے کیس کی سماعت چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے کی۔ سپریم کورٹ نے اس انوکھی کمیٹی اسکیم میں گرفتار ملزم کی ضمانت منظور کرتے ہوئے 2 لاکھ روپے مالیت کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔

پولیس کی غیر معیاری تفتیش پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے ریمارکس دیے کہ لگتا ہے پولیس اب کرائے کی پولیس بن گئی ہے، پولیس کی اب اپنی عزت نہیں رہی، ادارے کی عزت ہونی چاہیے،پولیس اور پٹواری کا شاہی سسٹم ختم ہونا چاہیے۔

ایڈیشنل پروسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ 10گرام سونے کی کمیٹی نکلنے پر ادا نہیں کی گئی، چیف جسٹس نے دریافت کیا کہ گرفتار سنار نے کتنا سونا کمیٹی کے ذریعے ادا کرنا تھا؟ درخواست گزار نے بتایا کہ کمیٹی کے ذریعہ مجموعی طور پر 70 تولہ سونا ادا نہیں کیا گیا۔

چیف جستس نے دریافت کیا کہ ڈیڑھ کروڑ مالیت کے سونے کا کوئی انکم ٹیکس ادا نہیں کیا گیا، یہ سونا کہاں سے آتاہے؟ اسکی قانونی حیثیت کیا ہے، انہوں نے ریمارکس دیے کہ ریاست کرپشن اور اسمگلنگ کرنے میں معاونت کرتی ہے، اس کیس میں اصل ملزم تو پولیس کو بنانا چاہیے۔

چیف جستس قاضی فائز عیسی نے کہا کہ سونا کمیٹی اسکیم کا اجرا گرفتار ملزم نے کیا لیکن تفتیش اہل خانہ سے کی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp