ملک بھر یوں تو موسم ہر گزرتے دن کے ساتھ سرد ہوتا جارہا ہے لیکن انتخابات کی نوید سنتے ہی سیاسی گہما گہمی کے باعث سیاسی درجہ حرارت بڑھتا جارہا ہے۔ ایسے میں ایک سوال ہر عام و خاص کی زبان پر ہے کہ کیا نواز شریف وطن واپس آئیں گے یا نہیں۔
مزید پڑھیں
مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت کی جانب سے سابق وزیراعظم و پی ایم ایل این کے قائد میاں محمد نواز شریف کی وطن واپسی کا اعلان کردیا گیا ہے۔ پارٹی رہنماؤں کے مطابق روان ماہ کی 21 تاریخ کو میاں محمد نواز شریف لاہور پہنچیں گے۔ اس حوالے سے ملک بھر میں میاں محمد نواز کے استقبال کے لیے تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔
بلوچستان سے 5 ہزار سے زائد کارکن لاہور کا رخ کریں
بلوچستان میں بھی مسلم لیگ ن کی صوبائی قیادت کی جانب سے بھی میاں محمد نواز شریف کی آمد کے لیے تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ وی نیوز سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن بلوچستان کے صدر شیخ جعفر مندوخیل نے بتایا کہ نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق بلوچستان کی سطح پر اعلی اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس اجلاس میں لاہور ایئر پورٹ پر استقبال کے علاؤہ دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا
جعفر مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان سے میاں محمد نواز شریف کے استقبال کے لیے 5 ہزار سے زائد کارکن روان ماہ کی 18 یا 19 تاریخ کو لاہور کا رخ کریں۔ قافلہ 2 حصوں میں لاہور کی جانب گامزن ہوگا۔
صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے روانہ ہونے والا قافلہ بذریعہ اسپیشل ٹرین جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع آنے والے کارکنان گاڑیوں میں ایک منظم قافلے کی صورت میں لاہور کی جانب روانہ ہوں گے۔
کارکنان کی خاطر تواضع
پرائیویٹ گاڑیوں کے ذریعے روانہ ہونے والا قافلہ مختلف مقامات پر آرام کرے گا۔ اس دوران کارکنان کے کھانے پینے کا مناسب انتظام کیا جائے گا۔ جبکہ پارٹی ترانوں سے ورکرز کا لہو گرمایا جائے گا۔ دوسری جانب بذریعہ ٹرین روانہ ہونے والے کارکنان کی بھی خاطر تواضع کی جائے گی۔
جعفر مندوخیل نے بتایا کہ 20 اکتوبر کو قافلہ لاہور پہنچ جائے گا۔ جس کے بعد پارٹی ہدایات پر عملدرآمد کیا جائے گا