مسلم لیگ (ن) نے 21 اکتوبر کو مینار پاکستان میں جلسے کے لیے انتظامیہ سے اجازت مانگ لی

جمعہ 13 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مسلم لیگ (ن) نے 21 اکتوبر کو گریٹر اقبال پارک میں جلسے کے لیے انتظامیہ کو درخواست دے دی۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما بلال یاسین نے 21 اکتوبرکو سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی پر مینار پاکستان گراؤنڈ (گریٹر اقبال پارک) میں جلسے کے لیے ڈپٹی کمشنر لاہور کو باقاعدہ درخواست دے دی ہے۔

درخواست میں گریٹر اقبال پارک میں 15 اکتوبر سے 21 اکتوبر تک انتظامات اور جلسے کی اجازت مانگی گئی ہے۔

بلال یاسین نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر نے درخواست موصول کرلی ہے، امید ہے جلد اجازت مل جائے گی۔

انہوں نے کہا جلسے سے 2 روز قبل ن لیگ کی سنیئر لیڈر شپ جلسہ گاہ کا دورہ بھی کرے گی، نواز شریف ایئر پورٹ سے بذریعہ ہیلی کاپٹر جلسہ گاہ آئیں گے۔ذرائع کے مطابق وہ دوپہر 12 بجے لاہور ایئرپورٹ پر اتریں گے۔

دوسری جانب نواز شریف نے سعودی عرب میں عمرے کی سعادت حاصل کرلی ہے، وہ سعودی عرب میں اپنے قیام کے دوران سعودی حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے 21 اکتوبر کا پاکستان واپسی کا اعلان کر رکھا ہے، ن لیگ نے ان کے استقبال کی تیاریاں زور و شور سے شروع کر رکھی ہیں۔

نواز شریف کی وطن واپسی پر ن لیگ 21 اکتوبر کو مینار پاکستان پر ایک بڑا جلسہ کرے گی، ن لیگ کا دعوی ہے کہ اس جلسے میں 10 لاکھ لوگ آئیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp