کیا شبمن گل ورلڈ کپ میں پاک بھارت ٹاکرے کا حصہ بن پائیں گے؟

جمعہ 13 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت کے اہم کھلاڑی اور آئی سی سی ورلڈ نمبر 2 شبمن گل ڈینگی سے صحت یاب تو ہو چکے ہیں اور انہوں نے احمد آباد میں ٹیم کو جوائن بھی کر لیا ہے، لیکن ابھی تک یہ طے نہیں ہوسکا ہے کہ 14 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندرا مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم ٹاکرے کا حصہ ہوں گے یا نہیں۔

بھارت کے اوپننگ بیٹر شبمن گل اپنا پہلا ورلڈ کپ کھیلنے سے پہلے ہی ڈینگی کا شکار ہو گئے، اور ورلڈ کپ کے پہلے 2 میچز نہیں کھیل سکے۔ افغانستان اور آسٹریلیا کے ساتھ ہونے والے دونوں میچز میں شبمن گل بھارتی ٹیم کے ساتھ سفر نہیں کرسکے اور چنئی کے ایک اسپتال میں داخل رہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کے مطابق شبمن گل اب صحت یاب ہو چکے ہیں اور احمد آباد بھی پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے جمعرات کو ہونے والے ٹریننگ سیشن میں بھی حصہ لیا ہے۔ وہ مکمل صحت یاب ہیں لیکن یقین سے نہیں کہا جا سکتا کہ وہ پاکستان کے خلاف میچ کا حصہ ہوں گے۔

شبمن گل کے ٹیم میں نا ہونے کے باعث اشان کشن نے ان کی جگہ اوپنگ بیٹر کا کردار ادا کیا لیکن کامیاب نہ ہوسکے، آسٹریلیا کے خلاف اوپننگ کرتے ہوئے اشان کشن صفر پر آؤٹ ہوئے۔ جبکہ روہت شرما اور شریاس ائیر بھی رنز نہ بنا سکے۔ لیکن بعد میں مڈل آرڈر بیٹرز نے ٹیم کو سہارا دیا اور آسٹریلیا کے خلاف میچ جیتنے میں کامیابی مل سکی۔

شبمن گل اس وقت ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر ہیں، انہوں نے 72 کی اوسط  اور 105 سے زائد کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 1230 رنز اسکور کیے ہیں۔ آخری 4 ون ڈے میچز کے دوران شبمن گل نے 2 سینچریاں اور ایک نصف سینچری بنائی ہے۔

واضح رہے شبمن گل بہترین کھلاڑیوں کی دوڑ میں شامل ہیں، اور اس وقت آئی سی سی رینکنگ کے مطابق بہترین بیٹرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ شبمن گل کسی بھی وقت اپنی کارکردگی سے کپتان بابر اعظم سے نمبر ون پوزیشن کھینچ سکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp