پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینیئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت میں صرف نواز شریف اہل قرار پائے ہیں، ان کے علاوہ سب نا اہل ثابت ہوئے ہیں، نواز شریف 21 اکتوبر کو پاکستان کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے وطن واپس آ رہے ہیں۔
مزید پڑھیں
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینیئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے جمعہ کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 134 کی یونین کونسلوں کے چئیرمینوں، کونسلروں اور کارکنوں سے ملاقات کی اور 21 اکتوبر کو میاں نواز شریف کے استقبال کے حوالے سے کی جانے والی تیاریوں پر مشاورت کی۔
ملاقات کے دوران میاں محمد نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کے انتظامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت میں صرف نوازشریف اہل قرار پائے ہیں، باقی سب نا اہل ثابت ہوئے ہیں، اب ایک بار پھر ملک کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے نوازشریف وطن واپس آ رہے ہیں۔
نواز شریف وطن واپس آ کر عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے، پاکستان کی معاشی بحالی کا حل بھی ساتھ لا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کو ایک ہی شخص نواز شریف نے ختم کیا، نوازشریف وزیراعظم تھے تو عوام کو آٹا، گھی، چینی سب سستا ملتا تھا، نوازشریف گئے تو سستا آٹا، گھی، چینی سب عوام کی پہنچ سے بھی نکل گئے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عوام جان چکے ہیں، نوازشریف وزیراعظم ہوگا تو ملک چلے گا اور اُن کا گھر بھی چلے گا، پاکستان کو امیر بنانا، عوام کی مہنگائی سے جان چھڑانا نوازشریف کا ایجنڈا ہے۔
سیاسی استحکام کے لیے عوام نوازشریف کا ساتھ دیں، سیاسی استحکام ہوگا تو معاشی ترقی ہوگی، پوری قوم کو نوازشریف ہی متحد کر سکتے ہیں ، نوازشریف کے دِل میں نفرت نہیں، عوام کی محبت ہے۔اب غریبوں کا ساتھی، غریبوں کی مدد کرنے وطن واپس آرہا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ قائد محمد نوازشریف کا شاندار استقبال کرکے ایک نئی تاریخ رقم کریں گے ۔
سابق رکن قومی اسمبلی رانا مبشر اقبال اور سابق ارکان صوبائی اسمبلی ملک اسد کھوکھر، اختر بادشاہ اور میاں عمران جاوید بھی ملاقات میں شریک تھے۔