غزہ کی تشویشناک صورتحال پر او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کا غیر معمولی اجلاس طلب

ہفتہ 14 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

غزہ میں گزشتہ کئی روز سے جاری اسرائیلی حملوں اور اس کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں پر اوآئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کا غیر معمولی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے، دوسری طرف غزہ کے ہسپتالوں میں ضروری ادویات کی قلت نے صورتحال کو مزید گمبھیر بنا دیا ہے۔

او آئی سی کا غیر معمولی اجلاس طلب

مملکت سعودی عرب کی دعوت پر غزہ میں بڑھتی ہوئی فوجی صورتحال کے حوالے سے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی ایگزیکٹو کمیٹی کا غیر معمولی اجلاس 18 اکتوبر کو طلب کر لیا گیا ہے۔ او آئی سی کا یہ غیر معمولی اجلاس جدہ گورنریٹ میں جنرل سیکرٹریٹ ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہو گا۔

فائل فوٹو

اس حوالے سے جدہ میں او آئی سی سیکرٹریٹ کے مطابق تنظیم کی ایگزیکٹو کمیٹی نے غزہ اور اس کے ماحول میں بڑھتی ہوئی عسکری صورتحال کے ساتھ ساتھ عام شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے والے بگڑتے حالات اور مجموعی سلامتی اور استحکام کے لیے وزارتی سطح پر غیر معمولی اجلاس طلب کیا ہے۔

غزہ میں20 لاکھ سے زائد افراد بنیادی ضروریات، پانی اور بجلی سے محروم

دوسری جانب مسلسل اسرائیلی حملوں کے بعد غزہ میں لاکھوں افراد سخت مشکل سے دوچار ہیں۔ اس حوالے سے انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس (آئی سی آر سی)نے کہا کہ غزہ میں20 لاکھ سے زائد افراد بنیادی ضروریات، پانی اور بجلی سے محروم ہیں۔

ترک خبر رساں ادارے کے مطابق آئی سی آر سی نے ایکس پلیٹ فارم پر پوسٹ میں کہا کہ غزہ میں لاکھوں افراد کے پاس سونے کی جگہ نہیں ہے، غزہ میں 20 لاکھ سے زائدافراد بنیادی ضروریات، پانی اور بجلی سے محروم ہیں۔ ایمبولینسز زخمیوں تک نہیں پہنچ سکتیں۔

غزہ میں طبی خدمات فراہم کرنے کے لیےانسانی راہداری کی ضرورت ہے، ڈبلیو ایچ او

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او)کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس اذانوم گیبریئس نے کہا کہ انہیں غزہ میں طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے ایک انسانی راہداری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ راہداری غزہ میں شہریوں کی حفاظت اور مدد کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی اور کہا کہ انہیں خوراک، طبی خدمات اور سامان کی ضرورت ہے۔

بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد میں 30 فیصد اضافہ ہوگیا، اقوام متحدہ

دوسری جانب اقوام متحدہ نے اعلان کیا کہ غزہ کی پٹی میں24 گھنٹوں کے دوران بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 30 فیصد بڑھ کر 338 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے بتایا کہ 218 ہزار بے گھر فلسطینیوں کو غزہ کی پٹی میں فلسطینی پناہ گزینوں کی ریلیف ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) کے 92 اسکولوں میں آباد کیا گیا ہے۔

غزہ کے لیے امارات کی ہنگامی امداد روانہ

غزہ میں پیدا ہونے والی صورتحال کے حوالے سے متحدہ عرب امارات نے ہنگامی طبی امدادی سامان سےبھرا طیارہ مصری شہر العریش بھیج دیا ہے، جہاں سے امدادی سامان رفحہ چیک پوسٹ کے راستے غزہ بھیجا جائے گا۔

 

ہماری اولین ترجیح جنگ کے لامحدود پھیلاؤ کو روکنا ہے، چین

اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ غزہ میں پیدا ہونے والی صورتحال خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے یہی وجہ ہے کہ عالمی طاقتیں معاملے کو افہام و تفہیم سے حل کرنے پر زور دے رہی ہیں۔ اس حوالے سے چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا کہ فلسطین کی موجودہ صورتحال نازک ہے۔ ہماری اولین ترجیح جنگ کے لامحدود پھیلاؤ کو روکنا اور حالات کو مزید خراب ہونے سے بچانے کے لیے جلد از جلد جنگ بندی، بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرنا اور شہریوں کے تحفظ کی مکمل ضمانت دینا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ ممالک کو صبرو تحمل سے کام لیتے ہوئے واقعیت پسندی اور شفافیت کو برقرار رکھنا چاہیے تاکہ تنازعات میں کمی لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔

امریکا میں اسرائیل کے خلاف اور فلسطین کی حمایت میں احتجاج

ایسے وقت میں جب غزہ میں بدترین اسرائیلی جارحیت کے باوجود امریکا اسرائیل کی حمایت کر رہا ہے، خود امریکا میں ہزاروں افراد فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی اور غزہ پر اسرائیلی حملوں کے خلاف احتجاج کے لیے نیویارک شہر میں ہزاروں افراد جمع ہوئے۔

 عالمی میڈیا کے مطابق نیویارک شہر میں ہزاروں افراد نے جمع ہوکر اسرائیلی قبضے کے خاتمے اور فلسطینی علاقوں کی آزادی کا مطالبہ کرتے ہوئے ٹائمز اسکوائر سے اسرائیل کے قونصلیٹ جنرل تک مارچ کیا۔

مظاہرین نےفلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے فلسطینی پرچم اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp