فلسطین میں دنیا کی سب سے بڑی نسل کشی کو روکا جائے، نگراں وزیر خارجہ

اتوار 15 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ اسرائیل فلسطین کے مظلوم عوام کی نسل کشی کر رہا ہے، غزہ کے غیر قانونی گھیراؤ کی وجہ سے فلسطین میں بچے اور عورتیں بھوک سے مر رہے ہیں۔ پاکستان اسرائیل کے اس اقدام کی پرزور مذمت کرتا ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ اسرائیل اقوام متحدہ کی قراردادوں کی پاسداری کرے۔

اسلام آباد میں نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں دنیا کی سب سے بڑی نسل کشی کی جارہی ہے، اسرائیل کئی دہائیوں سے فلسطین پر غیر قانونی طور پر قابض ہے، غزہ میں لوگوں کے پاس نہ پانی ہے نہ خوراک ہے کیونکہ اسرائیل غزہ تک پانی اور خوراک بھی نہیں پہنچنے دے رہا ہے۔

نگراں وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم غزہ کے گھیراؤ اور شہری آبادیوں پر حملے کی بھر پور مذمت کرتے ہیں، اس حوالے سے او آئی سی کا اجلاس 18 اکتوبر کو جدہ میں منعقد کیا جا رہا ہے، پاکستان ہمیشہ سے فلسطین کے مسئلے پر واضح موقف رکھتا ہے۔ اور ہمارا یہی مطالبہ ہے کہ اسرائیل اقوام متحدہ کی قراردادوں کی پاسداری کرے۔

انہوں نے کہا کہ نگراں وزیر اعظم، چینی وزیر اعظم کی دعوت پر چین کا دورہ کر رہے ہیں، انوار الحق کاکڑ اپنے دورہ چین کے دوران چینی وزیر اعظم سے اہم ملاقات بھی کریں گے۔ چین کے دورے کے دوران باہمی تعاون کے اہم منصوبوں پر بات چیت کی جائے گی اور ایم او یوز بھی دستخط ہوں گے۔

انکا کہنا تھا کہ پاکستان چین راہداری منصوبہ بہت اہمیت کا حامل ہے، یہ منصوبہ دونوں ممالک کے علاوہ خطے کے دیگر ممالک کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوگا۔ منصوبے سے متعلق بے بنیاد اور جھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔ منصوبہ اپنے طے کردہ مقاصد کے ساتھ جاری و ساری ہے۔

نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے دورہ چین سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ چین میں ہونے والی ملاقات میں او آئی سی میٹنگ سے متعلق بھی اہم بات چیت ہو گی، اسرائیل کے غزہ پر ظلم اور جارحانہ رویے کے خلاف بھی بات چیت کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ او آئی سی میٹنگ میں اسی چیز کو مد نظر رکھیں گے کہ کس طرح اسرائیل اور فلسطین کے معاملے کو ٹھنڈا کیا جائے، اور کس طرح اس لڑائی کو بند کرایا جائے۔ پوری کوشش کریں گے کہ اسرائیل کو پابند کریں کہ وہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی پاسداری کرے۔

جلیل عباس جیلانی نے افغانستان سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں زلزے کے بعد پاکستان امداد بھیجنے کے لیے تیار تھا جس پر افغان حکومت نے کہا کہ ہماری اندرونی طور پر امداد پوری ہو چکی ہے۔ افغانستان کو کبھی بھی کوئی مسئلہ درپیش ہو تو وہ پاکستان کی طرف ہی دیکھتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp