کراچی میں جماعت اسلامی کا ’فلسطین مارچ‘: لاکھوں افراد کی شرکت نے ماحول گرما دیا

اتوار 15 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جماعت اسلامی پاکستان کے زیر اہتمام پاکستان بھر میں فلسطینیوں سے اظہاریکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔ جب کہ کراچی میں جماعت اسلامی کے تحت فلسطین مارچ کیا جارہا ہے۔اس موقع پر شرکا کی غیر معمولی تعداد موجود ہے، اور لوگوں میں خاصا جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ مارچ میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد موجود ہے۔ شرکا کی بڑی تعداد کے پیش نظر مارچ میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

ہمارا جینا اور مرنا مسجدِ اقصیٰ کے لیے ہے، سراج الحق

کراچی میں مارچ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہ ہمارا جینا اور مرنا فلسطین اور مسجدِ اقصیٰ کے لیے ہے، فلسطین میں بھی وہی ہوگا جو افغانستان میں نیٹو کے ساتھ ہوا۔

سراج الحق نے کہا کہ ہر باضمیر شخص فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے، فلسطینوں کے لیے آواز بلند کرنا سب کا فرض ہے، لیکن ہمارے حکمران ٹس سے مس نہیں ہو رہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مظلوم فلسطینی مسجد اقصیٰ کی حفاظت کر رہے ہیں، یہ مجاہدین ہمارا روشن مستقبل ہیں۔

اسرائیل کی شکست یقینی ہے

سراج الحق نے کہا کہ اقوام متحدہ ایک ہزار مرتبہ قرارداد منظور کرچکی ہے، اس کے باوجود فلسطینیوں پر مظالم جاری ہیں۔اسرائیل ناقابل تسخیر نہیں، اصل طاقت اسلام ہے،اسرائیل کی شکست یقینی ہے۔

شرکاء کے پُرجوش نعروں کے درمیان خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے مزید کہا کہ امریکا پتھر پھینکنے والوں کو دہشت گرد کہتا ہے اور بمباری کرنے والوں کو مظلوم سمجھتا ہے۔

غزہ کے مٹی کا ڈھیر بننے کا انتظار نہ کریں

انہوں نے کہا کہ حکمران غزہ کے مٹی کا ڈھیر بننے کا انتظار نہ کریں۔ سعودی عرب نے اسرائیل سے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کردیا، ایران نے اسرائیل کی کھل کر مخالفت کی ہے، ہمارے حکمرانوں کو خاموشی اختیار نہیں کرنا چاہیے، ہماری قوم کو اس وقت محمد بن قاسم کی ضرورت ہے۔

اسرائیل دہشتگردی کررہا ہے، حافظ نعیم الرحمان

قبل ازیں فلسطین مارچ کی تیاری کا جائزہ لینے کے موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل فلسطینی مسلمانوں پر مسلسل ظلم کررہا ہے، اسپتالوں پربم باری کی جارہی ہے، صحافیوں کونشانہ بنایا جارہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسرائیل نے فلسطینیوں سے ان کا سب کچھ چھین لیا ہے، اسرائیل دہشتگردی کررہا ہے، جب کہ اقوام متحدہ تماشائی بنی ہوئی ہے، اور امریکا اس کا ساتھ دے رہا ہے، امریکا اپنی طاقت سے اسرائیل کی حمایت کررہا ہے۔

فلسطینیوں کی حمایت ہمارا فرض ہے

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ کراچی عالم اسلام کا سب سے بڑا شہر ہے، یہاں سب سے بڑا مارچ بھی آج ہوگا، فلسطینیوں کی حمایت ہمارا فرض ہے، شہریوں کو دعوت دیتا ہوں گھروں سے نکلیں اور مارچ میں شریک ہوں، پاکستانی مسجد اقصی کے تحفظ کے لئے نکلیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp