پیپلز پارٹی کو نواز شریف کے استقبال کی تیاریوں پر کیا تحفظات ہیں؟

اتوار 15 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مسلم لیگ نون کے تاحیات قائد اور 3 مرتبہ کے وزیراعظم نواز شریف 4 سال لندن میں قیام کے بعد 21 اکتوبر کو پاکستان واپس آ رہے ہیں۔ نواز شریف کے استقبال کے لیے لاہور میں تیاریاں جوش و خروش سے جاری ہیں۔ لاہور انتظامیہ نے مسلم لیگ نون کو نواز شریف کے استقبال کے بعد 31 اکتوبر کو مینار پاکستان پر جلسے کی باقاعدہ اجازت بھی دے دی ہے۔

سرکاری پروٹوکول کا کوئی جواز نہیں

پاکستان پیپلز پارٹی کو مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی پر ہونے والے استقبال کی تیاریوں پر تحفظات ہیں۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکرٹری جنرل حسن مرتضیٰ پریس کانفرنس میں یہ کہہ چکے ہیں کہ سزا یافتہ نواز شریف کو پاکستان واپسی پر سرکاری پروٹوکول کا کوئی جواز نہیں ہے۔

جب نواز شریف کو اشتہاری قرار دیا گیا

سابق وزیراعظم نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی، تاہم 2019 میں طبیعت کی شدید خرابی کے باعث وہ علاج کی غرض سے لندن روانہ ہو گئے تھے اور لاہور ہائی کورٹ نے انہیں 4 ہفتوں کے ضمانت دی تھی، بعد ازاں العزیزیہ کیس اور ایون فیلڈ کیس کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت سے مسلسل غیر حاضری پر نواز شریف کو اشتہاری قرار دے دیا گیا تھا۔

صوبائی حکومت استقبال کی تیاریوں میں ساتھ دے رہی ہے، نیئر بخاری

نیئر حسین بخاری

وی نیوز نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سے رابطہ کیا اور ان سے استفسار کیا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی پر ہونے والے استقبال کی تیاریوں پر پیپلز پارٹی کو کیا تحفظات ہیں؟ تو پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نون ابھی نہ تو پنجاب میں حکومت میں ہے اور نہ ہی وفاق میں ان کی حکومت ہے، لیکن استقبال کی تیاریوں سے لگ رہا ہے کہ صوبائی حکومت استقبال کی تیاریوں میں مسلم لیگ نون کا ساتھ دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کو اپنا آئینی کردار ادا کرتے ہوئے کسی بھی ایک جانب ایک جماعت کے ساتھ جانبداری کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے۔

حکومت کسی بھی سیاسی عمل میں غیر جانبدار رہے

سید نیئر حسین بخاری نے کہا کہ نگراں حکومت کی آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے کہ وہ کسی بھی سیاسی عمل میں غیر جانبدار رہے۔ پنجاب کی نگراں حکومت کو چاہیے کہ وہ نواز شریف کے استقبال کی تیاریوں میں مسلم لیگ ن کا ساتھ دینے کی بجائے اس معاملے سے خود کو دور رکھے اور جو بھی قانونی کارروائی آئین کے مطابق ہے اس پر عمل کریں۔

پیپلز پارٹی سمجھتی ہے کہ قانون سب کے لیے برابر ہے، قمر زمان کائرہ

قمر زمان کائرہ

سینیئر رہنما پیپلز پارٹی قمر زمان کائرہ نے وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے استقبال کے لیے ہونے والے تیاریوں پر اپنے تحفظات سے پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکرٹری جنرل نے آگاہ کر دیا ہے۔ پیپلز پارٹی سمجھتی ہے کہ قانون سب کے لیے برابر ہے، کوئی بھی شخص ماورائے آئین نہیں ہے۔

نواز شریف کو اپنی قید کی مدت پوری کرنی چاہیے

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی رہنما کہہ چکے ہیں کہ نواز شریف کو عدالت سے سزا مل چکی ہے، نواز شریف کو وطن پہنچ کر جیل میں اپنی قید کی مدت پوری کرنی چاہیے اور اس کے بعد الیکشن میں حصہ لینے کے بارے میں سوچنا چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp