پاکستانی رفاہی تنظیم الخدمت غزہ کیسے پہنچی؟

پیر 16 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسرائیلی فوج اور فلسطین کی مزاحمتی تنظیم ’حماس‘ کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث غزہ میں صورت حال سنگین ہو گئی ہے اور اسرائیل کی جانب سے مسلسل بمباری کی جا رہی ہے۔

اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی بمباری کے باعث اب تک 2500 سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، اسرائیلی فورسز کی جانب سے نقل مکانی کرنے والوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

غزہ میں جہاں انسانی المیہ جنم لے رہا ہے اور لوگ نقل مکانی کے لیے کوششیں کر رہے ہیں وہیں عالمی رفاہی تنظیمیں متاثرین کی مدد میں پیش پیش ہیں۔

پاکستان کی معروف رفاہی تنظیم الخدمت فاؤنڈیشن بھی غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی مدد میں پیش پیش ہے اور وہاں کام کرنے والی عالمی تنظیموں کے ساتھ مل کر متاثرین کی مدد کی جا رہی ہے۔

کسی بھی مسلم ملک پر کوئی مشکل آئے تو سب سے پہلے پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں، عبدالشکور

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر عبدالشکور نے کہا ہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن دنیا بھر کے مظلوموں کی مدد کے لیے ہمیشہ کردار ادا کرتی ہے، اور ہماری کوشش ہوتی ہے کہ کسی بھی مسلم ملک میں کوئی مصیبت آئے تو ہم سب سے پہلے وہاں پہنچیں۔

انہوں نے کہا کہ روہنگیا مسلمان جب بنگلا دیش ہجرت کر کے آئے تو ہماری ٹیم سب سے پہلے وہاں پہنچی، اسی طرح ترکیہ میں آنے والے زلزلے کے بعد بھی ہم نے سب سے پہلے پہنچ کر متاثرین کی مدد کی۔

عبدالشکور نے کہا کہ اس وقت چونکہ غزہ پہنچنا ہمارے لیے ممکن نہیں اس لیے ہم وہاں پر موجود عالمی تنظیموں کے ساتھ مل کر متاثرین کی مدد کے لیے کردار ادا کر رہے ہیں۔ ’الخدمت فاؤنڈیشن کی 2 درجن سے زیادہ عالمی رفاہی تنظیموں کے ساتھ پارٹنر شپ ہے اور ان میں سے 5 تنظیمیں ایسی ہیں جو کچھ عرصہ سے فلسطین میں کام کر رہی ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں ٹک ٹاک نے یورپی یونین کو فلسطین اسرائیل سے متعلق متنازع مواد کے خلاف اقدامات سے آگاہ کر دیا

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہم صرف وہاں پر موجود رفاہی تنظیموں کو رقم مہیا کر رہے ہیں جس سے متاثرین کی مدد ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ غزہ کا محاصرہ کسی بھی وقت ختم ہو جائے گا، ہمیں تیار رہنا چاہیے کہ سب سے پہلے فلسطین کے عوام کی مدد کے لیے پہنچیں، ’میں چاہتا ہوں کہ اڑ کے فلسطین پہنچ جاؤں‘۔

عبدالشکور نے کہاکہ ترکیہ کے امدادی ٹرک اس وقت مصر کے علاقے میں موجود ہیں مگر ان کو آگے جانے کی اجازت نہیں مل رہی، ہمارا ارادہ ہے کہ محاصرہ ختم ہونے کے فوری بعد غزہ میں میڈیکل کیمپ لگائے جائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp