روڈ ٹو فیفا ورلڈکپ؛ پاکستان کو ورلڈ کپ تک رسائی کے لیے کتنے مرحلوں سے گزرنا ہوگا؟

بدھ 18 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کی فٹبال ٹیم نے فیفا ورلڈکپ کوالیفائنگ راؤنڈ کا پہلا مرحلہ عبور کر کے تاریخ رقم کر دی ہے۔ کمبوڈیا کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی پاکستان ٹیم اب فیفا ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے دوسرے مرحلے میں پہنچ چکی ہے جہاں پاکستان کو گروپ ’جی‘ میں شامل کیا گیا ہے۔

اس گروپ میں پاکستان کے علاوہ  سعودی عرب، اردن اور تاجکستان کی ٹیمیں شامل ہیں۔ پاکستان کو اگلے مرحلے تک پہنچنے کے لیے اس گروپ میں ٹاپ ٹو پوزیشنز پر رہنا ہوگا۔

پاکستان کی فیفا میں 195 رینکنگ ہے جبکہ گروپ میں شامل سعودی عرب کی عالمی رینکنگ 54، اردن کی 84ویں اور تاجکستان کی ٹیم 109ویں پوزیشن پر ہے۔ لہذا پاکستان ٹیم کو اگلے راؤنڈ تک رسائی کے لیے اپ سیٹ شکست دینا ہوں گی۔

پاکستان ٹیم کے میچز کب اور کہاں کھیلے جائیں گے؟

فیفا کوالیفائیرز کا راؤنڈ 2 نومبر 2023 سے جون 2024 تک کھیلا جائے گا۔ پاکستان ٹیم اپنے گروپ میں 6 میچز کھیلے گی جو کہ ہوم اور اوے کی بنیاد پر ہوں گے۔ پاکستان ٹیم کے ہوم کے 3 میچز جناح اسٹیڈیم اسلام آباد ہی میں کھیلے جائیں گے۔

کوالیفائیرز راؤنڈ کے دوسرے مرحلے کا آغاز 16 نومبر سے ہوگا جہاں ٹیم پاکستان مشکل حریف سعودی عرب سے مقابلہ کرے گی۔ پاکستان ٹیم اس راؤنڈ کا ہوم میچ 21 نومبر کو تاجکستان کے خلاف کھیلے گی۔

ٹیم پاکستان اپنا تیسرا میچ اردن کے خلاف 21 مارچ 2024 کو جناح اسٹیڈیم میں کھیلے گی جبکہ 26 مارچ کو اردن کے خلاف اوے میچ کھیلا جائے گا۔

6 جون 2024 کو جناح اسٹیڈیم کا میدان ایک بار پھر آباد ہوگا جہاں پاکستان اور سعودی عرب کی فٹبال ٹیمیں ٹکرائیں گی، جبکہ گروپ کا آخری میچ پاکستان تاجکستان کے خلاف 11 جون کو کھیلے گی۔

فیفا ورلڈکپ کے کوالیفائرز کے تیسرے راؤنڈ تک پہنچنے کے لیے پاکستان کو کم از گروپ میں دوسرے نمبر پر آنا ہوگا۔

فیفا ورلڈکپ تک رسائی کے لیے کتنے مرحلوں سے گزرنا ہوگا؟

فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز نومبر 2025 تک جاری رہیں گے۔

فیفا ورلڈ کپ 2026 میں پہلے بارایشیا سے 9 ٹیمیں شریک ہوں گی جن میں 8 براہ راست کوالیفائرز کے ذریعے اور ایک ٹیم پلے آف ٹورنامنٹ کے ذریعے فیفا ورلڈ کپ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگی۔

پہلے مرحلے میں 20 ٹیمیں ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر 2 میچز کھیل کر اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کر چکی ہیں۔ پہلے مرحلے سے 10 ٹیمیں دوسرے راؤنڈ تک پہنچی ہیں جہاں وہ 26 مزید ٹیموں کو جوائن کریں گے۔ دوسرے مرحلے میں 36 ٹیموں کو 9 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر گروپ میں 4 ٹیمیں شامل ہیں اور ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر 6 میچز کھیلیں گے۔ ہر گروپ سے ٹاپ 2 ٹیمیں تیسرے راؤنڈ تک رسائی حاصل کر لیں گی۔

تیسرے راؤنڈ تک پہنچنے والی ان 18 ٹیموں کو 3 گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ ہر گروپ میں 6 ٹیمیں شامل ہوں گی اور ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر 10 میچز کھیلیں گی۔

ہر گروپ میں ٹاپ 2 ٹیمیں یعنی 6 فیفا ولڈ کپ کے لیے براہ راست کوالیفائی کر جائیں گی۔

باقی 2 ٹیموں کا تعین تیسرے راؤنڈ میں تیسرے اور چوتھے نمبر پر رہنے والی ٹیموں میں سے کیا جائے گا۔ تیسرے راؤنڈ کے ہر گروپ میں سے تیسرے اور چوتھے نمبر پر آنے والی ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ ہر گروپ میں 3 ٹیمیں شامل ہوں گے اور ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر ہر ٹیم چار میچز کھیلے گی۔ ان دونوں گروپس میں ٹاپ 2 ٹیمیں فیفا ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر جائیں گی۔

جبکہ آخری مرحلے میں فیفا ورلڈ کپ کوالیفائیرز کا پانچواں پلے آف بھی ہوگا جس کے ذریعے ایک ٹیم کو فیفا ورلڈ کپ تک رسائی حاصل کرنے کا موقع ہوگا۔ اس مرحلے میں چوتھے راؤنڈ میں بنے 2 گرپس میں سے 2 رنرز اپ کا مقابلہ ہوگا۔ دونوں ٹیمیں 2 مرتبہ آپس میں ٹکرائیں گے اور جیتنے والی ٹیم فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر لے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp