سلمان خان کی آنے والی نئی فلم ’ٹائیگر3‘ جلد ریلیز ہونے جارہی ہے۔ منیش شرما کی ہدایتکاری میں بنائی گئی، یش راج فلمز کے ’اسپائے یونیورس‘ کا یہ تیسرا اور آخری حصہ ہوگا۔ سلمان خان اور کترینہ کیف کی سپر ہٹ فلمیں ’ٹائیگر‘ اور ’ٹائیگر:2‘ نے باکس آفس پہ کافی عرصے تک دھوم مچا رکھی تھی اور مداحوں کو اب اس فلم کے تیسرے حصے کا بھی انتظار ہے۔
فلم کی ریلیز دیوالی کے دن
یش راج فلمز نے اس فلم کی ریلیز کی تاریخ 12 نومبر رکھی ہے۔ یہ دن انڈیا میں دیوالی کا بھی ہے، اور اتوار کا روز بنتا ہے۔ فلم کے ٹریلر کے ریلیز ہونے کے بعد بہت سے لوگوں کے ذہن میں یہ سوال آیا کہ فلم اتوار کے دن کیوں ریلیز ہورہی ہے؟ س سے پہلے شاہ رخ خان کے ایکشن فلم ’پٹھان‘ بھی 26 جنوری، 2023 کو ریلیز کی گئی تھی جو کہ بدھ کا دن بنتا ہے۔ اور یہ انڈیا میں یوم جمہوریہ کا بھی دن تھا جس سے فلم کے بزنس میں اور بھی زیادہ تیزی آگئی۔ لیکن اس دفعہ یش راج فلمز نے اپنی حکمت عملی بدلی، اور فلم کو چھٹی والے دن ریلیز کرنے کا سوچا ہے۔
’ادھیک ماس‘ تہوار کا سال
یش راج فلمز کی طرف سے آنے والی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ دیوالی کی وجہ سے فلم کو ریلیز کرنے کے لیے کمپنی کو سوچنا پڑ رہا ہے، اور اس لیے تاریخ بھی فائنل کرنا آسان نہیں تھا۔ 2023 انڈیا میں ’ادھیک ماس‘ تہوار کا بھی سال ہے جس کی وجہ سے فلم کی ریلیز ڈیٹ فائنل کرنے میں کمپنی کو مشکل پیش آرہی تھی۔
’ٹائیگر: 3‘ کی ریلیز ڈیٹ کے اعلان ہونے کے بعد، مارول کمپنی کو بڑا فائدہ ہوا ہے کیونکہ ان کی ریلیز ہونے والی فلم ’ڈا مارولز‘ کو اب بزنس کرنے کے پورے 2 دن مل جائیں گے، جو 10 نومبر کو ریلیز ہورہی ہے۔
مزید پڑھیں
شاہ رخ خان ایک چھوٹے سے کردار میں
’ٹائیگر:3‘ میں بالی ووڈ بادشاہ شاہ رخ خان بھی ایک چھوٹے سے کردار میں ایکشن ہیرو کے روپ میں نظر آئیں گے، جیسے سلمان خان نے ’پٹھان‘ فلم میں اینٹری ماری تھی۔ ان دونوں فلموں میں سلمان خان اور شاہ رخ خان کا کردار جاسوس کا ہے، جو انڈیا کی جاسوسی ایجنسی ’را‘ کے لیے کام کرتے ہیں۔ ’ٹائیگر‘ فلم سیریز میں سلمان خان را کے ایجنٹ ہیں اور کترینہ کیف آئی ایس آئی کی ایجنٹ ہیں۔
’ٹائیگر: 2‘ میں بھی یہ دونوں اداکار اس روپ میں نظر آئے، اور اب فلم سیریز کا تیسرا سیکویل ہے۔ مداحوں کو اس فلم سے بھی اتنی ہی امید ہے جتنی پچھلے 2 سیکویل سے تھی۔
یش راج فلمز کے ’اسپائے یونیورس‘ کی اب تک کی ساری فلمیں باکس آفس پر بہترین بزنس کر چکی ہیں جن میں ’پٹھان‘ نے بہت اچھا بزنس کیا۔ اور اب پٹھان کے بعد ٹائیگر کی باری ہے۔