مڈل اسکول کے بچے سائیکل، موٹر سائیکل چلائیں تو ان کی دماغی صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟

جمعہ 20 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مڈل اسکولز میں بچوں کو جسمانی ورزش کے ساتھ ساتھ سائیکل اور موٹر سائیکل چلانے کا ہنر سکھانا ان کی دماغی صحت کو بہتر بنا سکتا ہے۔

امریکی  یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن سے منسلک محققین کے مطابق تحقیق میں امریکا بھر کے اسکولوں میں  6 سے 8 ہفتے کی سائیکلنگ کلاس کے اثرات کو دیکھا گیا ہے، تحقیق میں 1200 سے زائد طلبا و طالبات کو شامل کیا گیا جن کی عمر 11 سے 14 سال تھی۔

شان ولسن اور اس کے ساتھی مصنفین یہ دیکھنا چاہتے تھے کہ سائیکلنگ انسٹرکشن پروگرام میں حصہ لینے کے نتیجے میں نوعمروں میں کیا مثبت تبدیلیاں آسکتی ہیں۔

اس تحقیق سے منسلک محقق شان ولسن کہتے ہیں ’ہم نے دیکھا کہ سائیکلنگ کلاس کے بچوں پر مثبت اثرات ہوئے اور ان کی دماغی صحت بہتر ہوئی۔‘

طلبا و طالبات نے ہفتے میں کم از کم3 دن اور زیادہ سے زیادہ 6 ہفتوں کی سائیکلنگ کلاس میں حصہ لیا، انہوں نے سائیکلنگ کلاس میں سائیکل اور موٹر سائیکل چلانے میں مہارت حاصل کی۔

ریسرچ کے سینئر پروگرام مینیجر ایستھر واکر کا کہنا ہے کہ ’ تحقیق سے پتا چلا ہے کہ سائیکلنگ جیسی جسمانی سرگرمیوں سے جسم کو تو فائدہ پہنچتا ہی ہے اس کے ساتھ ساتھ دماغی صحت بھی بہتر ہوتی ہے۔‘

ایستھر واکر کہتی ہیں کہ  موٹر سائیکل کی سواری نوجوانوں کے لیے ایک مثالی سرگرمی ہو سکتی ہے کیونکہ اس سے جسمانی اور سماجی فوائد ملتے ہیں۔

واکر کا کہنا ہے کہ مڈل اسکول بچوں اور بچیوں کو موٹر سائیکل چلانے کی ترغیب دینے کے لیے ایک اچھی جگہ ہے، کیوں کہ مڈل سکول میں طلبا و طالبات ہر طرح کے سماجی دباؤ، پریشانی، اسکول کے تناؤ اور گھر کے دباؤ کا سامنا کرتے ہیں۔‘

’پڑھائی کے علاوہ طلبا و طالبات کو جسمانی ورزش اور کھلی فضا میں سرگرمیاں کرنے کا وقت اہم ہے، دن کے وقت موٹر سائیکل کی سواری سے انہیں آزادی کا احساس اور راحت حاصل ہو سکتی ہے۔‘

’ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ عادات ڈپریشن کے خطرات  کو نصف کر سکتی ہیں‘

اسٹینفورڈ یونیورسٹی سکول آف میڈیسن میں نفسیات اور اطفال کے پروفیسر ڈاکٹر ایلن ریس کہتے ہیں کہ عام طور پر ورزش انسان کی ذہنی صحت پر مثبت اثر ڈالتی ہے، اگرچہ ورزش کی بہت سی شکلیں دماغی صحت کے لیے مفید ہیں لیکن سائیکل چلانے کے دماغ پر زیادہ مثبت اثرات سامنے آئے ہیں۔

ڈاکٹر ایلن ریس کہتے ہیں کہ پرانی تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ نوعمر لڑکیوں کو ذہنی صحت کے مسائل جیسے ڈپریشن اور پریشانی کا خطرہ لڑکوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے۔

حالیہ مطالعہ سے پتا چلا ہے کہ مڈل اسکول کی لڑکیوں نے سائیکلنگ پروگرام میں حصہ لینے کے بعد ذہنی دباؤ سے نجات حاصل کرلی اور ان کی دماغی صحت بہتر ہوئی۔

محقق شان ولسن کے مطابق تحقیق سے پتا چلا ہے کہ وہ نوجوان جنہوں نے اسکرین ٹائم کو دن میں زیادہ سے زیادہ 2 گھنٹے تک محدود نہیں کیا یا جنہوں نے تجویز کردہ 8.5 گھنٹے سے کم نیند لی، ان کی صحت میں کم بہتری دیکھی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp