اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی نواز شریف کو گرفتار کرنے سے روک دیا

جمعرات 19 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ ریفرنس اور ایون فیلڈ کیس میں نواز شریف کی حفاظتی ضمانت 24 اکتوبر تک منظور کر لی۔ عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کو عدالت کے سامنے سرینڈر کرنے تک گرفتار نہ کیا جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں نواز شریف کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی،  نیب پراسیکیوٹر نے ایک بار پھر نوازشریف کو حفاظتی ضمانت دینے پر کوئی اعتراض نہیں اٹھایا۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ہمیں اس درخواست پر کوئی دلائل نہں دینے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے ‏چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی، ‏وکلا اعظم نذیر تارڑ، امجد پرویز ملک عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

جسٹس گل حسن اورنگزیب کے اہم ریمارکس

یہ درخواست اس لیے منظور کی جاتی ہے کیونکہ پراسیکیوشن کو ضمانت منسوخی پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ ہم میرٹ پر بات نہیں کر رہے۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کا نیب پراسیکیوٹر سے مکالمہ

پراسیکیوشن کو کوئی اعتراض نہیں؟ یہ درخواست اس لیے منظور کر رہے ہیں کیونکہ پراسیکوشن مخالفت ہی نہیں کر رہی۔ آپ کی رضامندی کی وجہ سے یہ آرڈر کر رہے ہیں، اگر آپ مخالفت کرتے تو پھر عدالت میرٹ پر کیس سن کر فیصلہ کرتی۔

عدالت نے نیب کو ضمانت دینے کے لیے رضامندی کا تحریری جواب بھی جمع کروانے کا حکم دیا۔

اس سے قبل سابق وزیر اعظم نواز شریف نے حفاظتی ضمانت کے لیے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے ایون فیلڈ اور العزیزیہ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جس پر عدالت نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے وکلاء کے دلائل سنے اور سماعت کو اگلے روز تک ملتوی کر دیا تھا۔

نواز شریف کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ سرنڈر کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کی جائے، ہم کیسز کا سامنا کرنا چاہتے ہیں لیکن عدالت تک پہنچنے کے لیے گرفتاری سے روکا جائے۔

درخواست کے مطابق نواز شریف 21 اکتوبر کو اسلام آباد لینڈ کریں گے، اس لیے استدعا کی جاتی ہے کہ عدالت تک پہنچنے کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کی جائے، نواز شریف اسپیشل فلائٹ سے اسلام آباد آرہے ہیں۔

سابق وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے العزیزیہ اور ایون فیلڈ کیس میں حفاظتی ضمانت کی درخواست آج دائر کی جائے گی۔ قائد مسلم لیگ ن کو ایک کیس میں 10 سال اور دوسرے میں 7 سال کی سزا سنائی دی گئی تھی۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن اپنے قائد نواز شریف کی وطن واپسی کے راہیں ہموار کرنے میں مصروف ہے، اور آج ہی سابق وزیراعظم کی حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔

واضح رہے نوازشریف کو ایون فیلڈ کیس میں10 سال اور العزیزیہ کیس میں7 سال سزا سنائی گئی تھی، اور ہائیکورٹ نےعدم پیشی پر نوازشریف کی اپیلیں خارج کردی تھیں، جب کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے قائد مسلم لیگ کو اشتہاری قرار دیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp