معروف قانون دان، سیاستدان اور سابق سینیٹر ایس ایم ظفر انتقال کر گئے

جمعرات 19 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف قانون دان، سیاستدان اور سابق سینیٹر ایس ایم ظفر طویل علالت کے بعد لاہور میں انتقال کرگئے۔ وہ 93 سال کے تھے۔ ان کی نماز جنازہ جمعہ 20 اکتوبر کو بعد نمازظہر لاہور میں ادا کی جائے گی۔

سابق سینیٹر ایس ایم ظفر نے جنرل ایوب خان کی آخری کابینہ میں کم عمری میں وفاقی وزیر قانون کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کئی سال تک مسلم لیگ ن کے جنرل سیکریٹری کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔

ایس ایم ظفر 2018 میں سیاست سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ق) کے وکیل اور سینیئر رہنما بھی رہے وہ ایک طویل عرصہ تک سینیٹر کی حیثیت سے بھی ملک کے لیے خدمات سر انجام دیں۔ ایس ایم ظفر کا پورا نام مکمل نام سید محمد ظفر  تھا وہ 6 دسمبر 1930 کو رنگون برما میں پیدا ہوئے،

ابتدائی تعلیم رنگون میں ہی حاصل کی ، وہاں کے حالات کشیدہ ہوئے تو پنجاب آ گئے، شکر گڑھ کے نزدیک قافیاں والا ان کا آبائی علاقہ تھا، شکر گڑھ سے 1945 میں میٹرک کا امتحان پاس کیا ، بعد ازاں انٹر اور قانون کی تعلیم لاہور سے حاصل کی، گورنمنٹ کالج لاہور میں قیام پاکستان سے 2 سال پہلے داخلہ لیا اور قیام کے 2 سال بعد گریجویشن مکمل کی اور 2002  میں اولڈ رارین ایسوسی ایشن کے صدر بھی رہے۔انہوں نے  1950 میں وکالت  کا پیشہ اختیار کر لیا۔

ایس ایم ظفر  1965 کی پاک بھارت جنگ کے دوران پاکستان کے وزیر قانون تھے۔ 19ستمبر 1965 کو اقوامِ متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں اُنہوں نے جنگ بندی کی قرارداد کو مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط کرایا۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ کے ہیومن رائٹس کمیشن سے بھی خطاب کیا۔

وہ 35 برس کی عمر میں جنرل ایوب خان کی کابینہ میں قانون و پارلیمانی امور کے مرکزی وزیر بنے۔ کئی اہم ملکی اور بین الاقوامی مقدموں میں کامیابی حاصل کی۔ 2003 سے 2012 تک سینٹ کے ممبر رہے۔ 2004ء سے 2012  تک ہمدرد یونیورسٹی کے چانسلر کی ذمہ داریاں بھی ادا کیں۔

ایس ایم ظفر کو ملک کے لیے اعلیٰ خدمات سرانجام دینے پر 2011 میں صدارتی ایوارڈ نشان امتیاز سے بھی نوازا گیا۔

میرے مشہور مقدمے ،  عدالت میں سیاست، عوام، پارلیمنٹ اور اسلام، سینیٹر ایس ایم ظفرکی کہانی، ڈکٹیٹر کون؟، تذکرے اور جائزے، پاکستان بنام کرپشن، عوام کی عدالت میں، غیب سے مضامین ان کی اُردو زبان میں لکھی گئی مشہور تصانیف ہیں ۔ جب کہ انگلش میں ان کی 3 مشہور تصانیف ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp