ویرات کوہلی کی سنچری: ‘امپائر انڈیا کے ساتھ کھیل رہا تھا‘

جمعہ 20 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت میں کھیلے جارہے آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ میں گزشتہ روز بھارت اور بنگلہ دیش آمنے سامنے تھے جس میں بھارت نے بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

میچ میں ویرات کوہلی نے اپنے ون ڈے کیریئر کی 48ویں سینچری اسکور کی اور مین آف دی میچ قرار پائے۔

لیکن ویرات کوہلی کی سینچری اس وقت موضوع بحث بنی ہوئی ہے کہ کس طرح میچ میں امپائر رچرڈ کیٹلبرو نے کوہلی کی سینچری مکمل کرانے کے لیے واضح وائیڈ بال نہیں دی۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے امپائر رچرڈ کیٹلبرو پر ویرات کوہلی کی سینچری مکمل کرانے کے لیے قوانین سے روگردانی کا الزام لگایا جارہا ہے۔

ایک بنگلہ دیشی صارف نے لکھا کہ مجھے ویرات کوہلی بہت پسند ہیں اور ان کے سینچری بنانے پر بھی مجھے کوئی اعتراض نہیں ہے کیونکہ ہم ویسے بھی بری طرح ہار رہے تھے لیکن امپائر رچرڈ کیٹلبرو نے بری مثال قائم کی۔

ان کا کہنا تھا کہ بولر تو بلے باز کی سینچری میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے بہت سے برے طریقے بھی آزماتے ہیں یہ کوئی نئی بات نہیں۔ ایسا کوئی اصول نہیں ہے جس میں کہا گیا ہو کہ بولر ایسا نہیں کر سکتا۔

صارف نے کہا کہ یہ یقینی طور پر قواعد کی کتاب میں موجود ہے کہ امپائر وائیڈ بال کو صرف اس وجہ سے مسترد نہیں کر سکتا کہ ایک بلے باز سنچری بنانے کا موقع کھو سکے۔ ان کا کہنا تھا کرکٹ ایمپائروں کے لیے بہت مہربان ہے وہ یہاں بہت سے غلط فیصلے کرتے ہیں لیکن ان کو کبھی نتائج کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

بنگلہ دیشی صارف نے کہا کہ ڈیوڈ وارنر نے کچھ دن پہلے ایک بہترین بات کہی تھی کہ ایک امپائر کے اعدادوشمار بھی دکھائے جانے چاہیئں کہ کس نے کتنے درست اور کتنے غلط فیصلے کیے ہیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ یہ واضح طور پر وائیڈ بال تھی لیکن ایمپائر انڈیا کے ساتھ کھلاڑی کے طور پر کھیل رہا تھا۔

بھارتی صارف وی جے نے لکھا کہ نہ صرف بھارتی بلے باز کے ایل راہول بلکہ امپائر بھی ویرات کوہلی کو سینچری اسکور کرتے ہوئے دیکھنا چاہتا تھا۔

ایمن نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ امپائرز کا احتساب نہیں ہوتا۔

واضح رہے کہ 42ویں اوور میں جب ویرات کوہلی 97 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے اور انہیں اپنی سینچری مکمل کرنے کے لیے 3 رنز درکار تھے جبکہ بھارت فتح سے صرف 2 رنز دور تھی۔

ایسے میں بنگلہ دیشی بولر نسیم احمد نے 42ویں اوور کی پہلی گیند وائیڈ کرادی لیکن امپائر نے مبینہ طور پر ویرات کوہلی کو فائدہ پہنچانے کے لیے اسے وائیڈ بال قرار نہیں دیا کیونکہ ایسی صورتحال میں اسکور لیول ہوجاتا اور کوہلی کی سینچری خطرے میں پڑسکتی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp