اعلٰی عدلیہ میں ججز کی تعیناتی کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن کا اجلاس آج سپریم کورٹ میں ہوگا، جہاں چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن سپریم کورٹ میں تقرری کے لیے جسٹس عرفان سعادت خان کے نام پر غور کرے گا۔
سپریم کورٹ میں اس وقت دو ججز کی آسامیاں خالی ہیں، جوڈیشل کمیشن اپنی سفارشات منظوری کے لیے پارلیمانی کمیٹی کو بھیجے گا۔
قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ عرفان سعادت خان کا نام چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے سپریم کورٹ کی خالی نشست کے لیے تجویز کیا تھا۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے گزشتہ ماہ اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد سپریم کورٹ کے سامنے بڑھتے ہوئے کیسز کو حل کرنے پر زور دیا تھا۔ پاکستان بار کونسلاور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نمائندوں کے ساتھ بھی سپریم کورٹ کے مقدمات نمٹانے کی شرح پر مشاورت کی گئی ہے۔
چیف جسٹس نے جسٹس سید منصورعلی شاہ اور جسٹس منیب اختر کی تجویز کردہ کیس مینجمنٹ پالیسی پر عمل درآمد کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ سپریم کورٹ میں مزید التوا نہیں چلیں گے، انہوں نے وکلاء کو بھی سماعت کے لیے تیار رہنے کا مشورہ دیا تھا۔
جسٹس عرفان سعادت سندھ ہائی کورٹ کے قائمقام چیف جسٹس ہیں، جسٹس عرفان سعادت خان کی سپریم کورٹ میں تقرری کی صورت میں جسٹس عقیل عباسی سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ہوں گے۔ دونوں ججز 6 سال سے عدالتی نظام میں اپنی ترقی کے منتظر ہیں۔