آسٹریلیا نے پاکستان کو ورلڈ کپ 2023 کے 18 ویں میچ میں62 رنز سے شکست دے دی، آسٹریلیا کے 367 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 45.3 اوورز میں 305 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ آسٹریلیا نے اپنے 4 میچوں میں سے یہ دوسرا میچ اپنے نام کیا ہے۔
پاکستان کے اوپنر بیٹرز عبداللہ شفیق اور امام الحق نے اپنی ٹیم کو انتہائی عمدہ اسٹارٹ دیا، دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 134 رنز اسکور کیے، تاہم پاکستان کا مِڈل آرڈر ایک بار پھر بری طرح ناکام ہوا۔
عبداللہ شفیق نے 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے61 گیندوں پر 64 رنز اسکور کیے انہیں اسٹائنس کی گیند پر میکسول نے کیچ پکڑ کر آؤٹ کیا جب کہ امام الحق نے 10 چوکوں کی مدد سے 71 گیندوں پر 70 رنز اسکور کیے، انہیں بھی اسٹائنس کی گیند پر مچل اسٹارک نے کیچ پکڑ کر آؤٹ کر دیا۔
اس کے بعد کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کریز پر آئے تو وہ بھی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے، بابر اعظم محض 18 رنز بنا کر زیمپا کی گیند پر کومنس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ محمد رضوان جن سے ٹیم کو اُمیدیں وابستہ تھیں وہ بھی 46 رنز پر زیمپا کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔
سعود شکیل نے 30 رنز اسکور کیے، انہیں کومنس کی گیند پر اسٹائنس نے کیچ پکڑ کر آؤٹ کیا، افتخار احمد نے 26 رنز اسکور کیے جب کہ محمد نواز 14 رنزاسکور کر سکے، اسامہ میر صفر پر آؤٹ ہوئے۔ شاہین شاہ آفریدی نے 10 اور حسن علی نے 8 رنز اسکور کیے جب کہ حارث راؤف بغیر کوئی رنز بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔
ٓسٹریلیا کی طرف سے سب سے عمدہ بولنگ ایڈم زیمپا نے کی انہوں نے اپنے 10 اوورز میں 53 رنز دے کر پاکستان کے 4 اہم بیٹرز کو پویلین کی راہ دکھائی، اس کے بعد پاٹ کومنس اور مارکس اسٹائنس نے 2 ، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ مچل اسٹارک اور جوش ہزلیووڈ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
آسٹریلیا پاکستان سے میچ جیت کر پوائنٹ ٹیبل پر چھوتھے نمبر پر آ گیا ہے جب کہ پاکستان سے چوتھی پوزیشن چھن چکی ہے اور اب پاکستان کی پوائنٹ ٹیبل پر 5 ویں پوزیشن ہے۔
بھارت میں کھیلے جانے والے آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے 18ویں میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا نے 50 اوورز میں 9 کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے مقررہ اوورز میں 367 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کے دونوں اوپنرز نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے اپنی اپنی سنچریاں مکمل کیں اور 259 رنز کی شراکت داری قائم کی جو ورلڈ کپ میں ابھی تک کی سب سے بڑی پارٹنرشپ ہے۔
سامہ میر نے تیسرے اوور میں شاہین آفریدی کی بال پرڈیوڈ ورانر کا آسان کیچ ڈراپ کر دیا تھا۔
آسٹریلوی بیٹر ڈیوڈ وارنر 163 اور مچل مارش نے 121 رنز بنائے، ڈیوڈ وارنر کو حارث رؤف نے جبکہ مچل مارش کو شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کیا۔
گلین میکزویل بغیر کوئی رنز بنائے شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، اسٹیون سمتھ 9 گیندوں پر 7 رنز بنا کر اسامہ میر کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ جوش انگلس نے 9 گیندوں پر 13 رنز بنائے اور حارث رؤف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ مارکس اسٹونس 21 گیندوں پر 21 رنز بنا کر شاہین شاہ کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔
مارنس لیبوشین نے 12 گیندوں پر 8، مچل استارک نے 3 گیندوں پر 2 اورجوش ہیزلووڈ بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 5، حارث رؤف نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ اسامہ میر نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹاس کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ کوشش کریں گے اپنی بیٹنگ کو بہتر بنائیں گے، بولنگ کا فیصلہ اس لیے کیا ہے کہ آسٹریلیا کو کم سے کم اسکور تک محدود کر سکیں۔
پاکستان نے ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے نائب کپتان شاداب خان کی جگہ اسامہ میر کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ پچ تو اچھی لگ رہی ہے بیٹنگ کے لیے سازگار پچ ہوگی۔ کوشش کریں گے کہ زیادہ سے زیادہ ہدف دیں۔ پاکستان کی ٹیم مکمل ٹیم ہے اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
میچ شروع ہونے سے قبل فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ یہ میچ جیتنا ہمارے لیے ضروری ہے، پوری کوشش کریں گے کہ اس میچ میں اچھا پرفارم کریں۔ لائن اینڈ لینتھ تھوڑی سی خراب ہو رہی ہے، بولنگ میں سؤنگ نہیں مل رہا ہے۔
ہیڈ ٹو ہیڈ میچز کا ریکارڈ
پاکستان اور آسٹریلیا اس میچ سے پہلے ایک روزہ میچز میں 107 بار آمنے سامنے آئے ہیں جن میں آسٹریلیا نے 69 میچز جبکہ پاکستان نے 34 میچ جیت رکھے ہیں۔
پچ رپورٹ
چنا سوامی کرکٹ اسٹیڈیم، بنگلورو کی پچ بیٹرز کے لیے انتہائی سازگار ہے۔ اس پچ پر کھیلے گئے آخری 10 میچوں میں پہلی اننگز کا اوسط اسکور 313 رنز ہے۔ اس اسٹیڈیم کی آؤٹ فیلڈ بھی بہت تیز ہے جبکہ اس کی باؤنڈریز چھوٹی ہونی کی وجہ سے بڑی شارٹس کھیلنے والے بیٹرز کو فائدہ ہو گا۔ اسپنرز کا کردار میچ کے دوران انتہائی کلیدی ہو گا کیوں کہ جیسے جیسے گیند پرانا ہوتا جائے گا یہ پچ اسپنرز کے لیے سازگار ہوتی جائے گی۔
موسم کی صوتحال
بنگلورو میں میچ کے دوران موسم 27.2 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 48 فیصد ہوگا جبکہ بارش کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا گیا۔
پوائنٹس ٹیبل کی صورت حال
پاکستان کی ٹیم 04 پوائنٹس لے کر چوتھے نمبر پر ہے۔ آسٹریلیا کی ٹیم 02 پوائنٹس کے ساتھ چھٹی پوزیشن پر ہے۔
اب تک ورلڈ کپ کی مہم میں پاکستان نے 03 میں سے دو میچز جبکہ آسٹریلیا نے 03 میں سے ایک میچ جیت رکھا ہے۔
آسٹریلیا کا اسکواڈ
پیٹ کمنز (کپتان)، اسٹیو اسمتھ، الیکس کیری، جوش انگلیس، سین ایبٹ، کیمرون گرین، جوش ہیزل ووڈ، ٹریوس ہیڈ، مارنس لیبوشینگ، مچل مارش، گلین میکسویل، مارکس اسٹوئنس، ڈیوڈ وارنر، ایڈم زمپا، مچل اسٹارک۔
پاکستان کا اسکواڈ
بابر اعظم (کپتان)، امام الحق، عبداللہ شفیق، محمد رضوان، سعود شکیل، اسامہ میر، افتخار احمد، سلمان علی آغا، محمد نواز، حارث رؤف، حسن علی، شاہین آفریدی۔