مینار پاکستان میں ن لیگی کارکنان نے ’چاند رات‘ کیسے منائی؟

جمعہ 20 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے استقبالی جلسے میں شرکت کے لیے پارٹی کارکنان شام 6 بجے سے مینار پاکستان پہنچنا شروع ہو گئے، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، کشمیر ڈی آئی خان اور سندھ کے علاقے جیکب آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں سے قافلوں کی صورت میں کارکنان مینار پاکستان پہنچے اور پارٹی کی جانب سے چاند رات کے اعلان پر خوب جشن منایا۔

خیمہ بستی

کارکنان کے لیے خیمہ بستی بھی قائم کی گئی ہے بڑی اسکرینوں پر پاک آسٹریلیا کرکٹ میچ دکھایا گیا، مریم نواز کے جلسہ گاہ پہنچنے پر بھر پور آتشبازی بھی کی گئی، جلسہ گاہ میں تمام طر انتظامات کو مکمل کر لیا گیا ہے۔

 

جلسہ گاہ کا دورہ

سابق وزیراعظم شہباز شریف، پارٹی آرگنائزر مریم نواز، سابق وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز شریف، رانا ثنا اللہ سمیت مسلم لیگ ن کی دیگر قیادت نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور اپنے قائد نواز شریف کے استقبالی جلسے کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا، مرکزی سٹیج سے مریم نواز اور حمزہ شہباز نے کارکنان کو ہاتھ ہلا کر جواب دیے، جبکہ دور دراز علاقوں سے آئے کارکنان کو Thumbs Up کیا۔

رانا ثناء اللہ نے اسٹیج سے شہباز شریف کو جلسہ گاہ سے متعلق تفصیلی بریفننگ دی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق، مریم اورنگزیب، طلال چوہدری، عظمی بخاری، سلما بٹ اور دیگر جلسہ گاہ میں کارکنان سے گفتگو کرتے نظر آئے اور ان کے حوصلے کو بڑھاتے رہے۔

10 مقامات پر بڑی اسکرینیں

جلسہ گاہ میں 10 مقامات پر بڑی اسکرینیں نصب کی گئی ہیں جن میں آج ورلڈ کپ میں کھیلا گیا پاکستان اور آسٹریلیا کا میچ دکھایا گیا، کرکٹ شائقین کی بڑی تعداد نے میچ دیکھا اور پاکستانی بلے بازوں کی جانب سے مارے گئے ہر چوکے اور چھکے پر ٹیم کو داد دی اور تالیاں بجائیں۔

آتشبازی

شہباز شریف اور مریم نواز کے جلسہ گاہ پہنچنے پر بھر پور آتشبازی کی گئی جو کہ 10 منٹ تک جاری رہی۔

گلگت بلتستان کا قافلہ

مینار پاکستان میں مسلم لیگ ن کے جلسے میں شرکت کے لیے گلگت بلتستان سے 2 ہزار لوگوں لا قافلہ پہنچا تو میڈیا نمائندوں نے نا کارکنان کو انٹرویوز کے لیے گھیر لیا، تمام کارکنان نے روایتی بلتی کیپ پہنی ہوئی تھی۔

کارکنان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے ہمیں یونیورسٹی دی، ہسپتال دیے، سڑکیں دیں اس لیے ہم 1700 کلومیٹر کا سفر طے کر کہ نواز شریف کے استقبال کے لیے مینار پاکستان پہنچے ہیں۔

 

ایم ایس ایف کا اسٹیج

مسلم لیگ ن کی طلبہ تنظیم ایم ایس ایف نے مینار پاکستان میں ہی ایک الگ اسٹیج لگایا ہوا تھا جبکہ ایم ایس ایف کی طرف سے ملک بھر سے آئے طلبہ کے لیے خیمہ بستی بھی قائم کی گئی جس میں ہر ڈویژن کے طلبہ کے لیے الگ الگ رہنے کا انتظام کیا گیا تھا۔

سندھی ٹوپی اور اجرک

ایم ایس ایف کے اسٹیج کے سامنے نوجوانوں کا جذبہ دیدنی تھا۔ صوبہ سندھ کے علاقے جیکب آباد سے مسلم لیگ ن اور ایم ایس ایف کے کارکنان کی بڑی تعداد نے سندھی ٹوپی اور اجرک پہن کر جلسہ گاہ میں شرکت کی۔

 

پارٹی ترانوں پرنعرے بازی

سابق وزیراعظم نواز شریف تو ابھی پاکستان پہنچے بھی نہیں تاہم خواتین، بچوں سمیت نوجوان ہزاروں کی تعداد مینار پاکستان جلسہ گاہ پہنچی اور پارٹی کے ترانوں پر بھر پور نعرے بازی کی، آتشبازی دیکھی۔ جبکہ بڑی اسکرینوں پر دکھائے جانے والا پاک آسٹریلیا میچ بھی انجوائے کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp