نواز شریف کی آج وطن واپسی، ملک بھر سے قافلے لاہور پہنچنا شروع

ہفتہ 21 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیراعظم و قائد پاکستان مسلم لیگ ن نواز شریف آج تقریباً 4 سال بعد وطن واپس تشریف لا رہے ہیں، نوازشریف کا طیارہ دن ساڑھے 12 بجے اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گا، کچھ وقت یہاں رکنے کے بعد نواز شریف لاہور روانہ ہوجائیں گے۔

نوازشریف کی وطن واپسی پر جلسے کے لیے مینار پاکستان گراؤنڈ کا انتخاب کیا گیا ہے اور ملک بھر سے قافلے لاہور پہنچنا شروع ہو گئے ہیں جبکہ کچھ پہلے ہی لاہور پہنچ چکے ہیں۔

کراچی سے لاہور جاتے مسلم لیگ ن کا ایک کارکن راستے میں انتقال کر گیا ہے، مرنے والے کارکن کی شناخت کرامت مسیح کے نام سے ہوئی ہے جس کی محراب پور میں موت واقع ہوئی۔

نوازشریف کی وطن واپسی پر جلسہ کے دوران سیکیورٹی کے بھی فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں، جلسے میں آنے والے شرکا کی سیکیورٹی کے لیے 10 ہزار سے زیادہ پولیس افسران اور اہلکار شریک ہوں گے۔

پولیس کے مطابق جلسہ گاہ میں سیکیورٹی کے لیے عارضی طور پر 400 کے قریب سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے جائیں گے۔

لاہور سے قافلوں کی روانگی

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے وطن واپسی پر استقبال کے لیے جلسے میں قافلوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، جلسہ گاہ میں لاہور سمیت پنجاب اور ملک بھر کے مختلف قومی اور صوبائی حلقوں کے رہنما قافلوں کی صورت جلسہ گاہ پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔

لاہور سے قومی وصوبائی حلقوں سے مقامی رہنما سابق ارکان اسمبلی و ٹکٹ ہولڈرز کو مجموعی طور پر 1لاکھ 5 ہزار کارکنان لانے کا ٹاسک سونپا گیا ہے، پارٹی ذرائع کے مطابق لاہور کے علاقے ڈیفنس اور والٹن روڈ سے خواجہ سعد رفیق اپنے قافلے کے ہمراہ جلسہ گاہ پہنچیں گے، شیخ روحیل اصغر اپنے حلقہ داروغہ والا سے قافلے کی قیادت کرتے ہوئے جلسہ گاہ آئیں گے۔ سردار ایاز صادق اپنے حلقے کے کارکنان کے ہمراہ قافلے کی صورت میں گڑھی شاہو سے جلسہ گاہ آئیں گے۔

ذرائع کے مطابق شاہدرہ سے سابق رکن قومی اسمبلی ملک ریاض قافلے کی قیادت کرتے ہوئے جلسہ گاہ پہنچیں گے، بادامی باغ سے سابق رکن پنجاب اسمبلی غزالی سلیم بٹ قافلے کی قیادت میں جلسہ گاہ پہنچیں گے، ٹھوکر نیاز بیگ اور جوہر ٹاؤن سے ملک سیف الملوک کھوکھر اور فیصل کھوکر اپنے حلقوں کے قافلوں کی قیادت کرتے ہوئے جلسہ گاہ پہنچیں گے۔

گلشن راوی سے رانا مشہود احمد قافلے کی قیادت میں حلقے کے کارکنان کے ہمراہ جلسہ گاہ پہنچیں گے، سابق صوبائی وزیر بلال یاسین اپنے حلقے موہنی روڈ اور بلال گنج سے کارکنان کے ہمراہ جلسہ گاہ پہنچیں گے، لیگی رہنما رانا مبشر کاہنہ اور گجومتہ سے قافلے کی قیادت کرتے ہوئے جلسہ گاہ پہنچیں گے۔ سہیل شوکت بٹ اپنے حلقے کے کارکنان کے ہمراہ قافلے کی صورت میں جلسہ گاہ پہنچیں گے۔ شائستہ پرویز ملک ٹاؤن شپ سے خواتین ونگ کے قافلے کی قیادت کرتے ہوئے جلسہ گاہ پہنچیں گی۔

ذرائع کے مطابق رمضان صدیق بھٹی، غلام حبیب اعوان ،ملک وحید احمد اپنے اپنے حلقہ سے قافلوں کی قیادت میں جلسہ گاہ پہنچیں گے، حنا پرویز بٹ ماڈل ٹاؤن سے یوتھ ونگ کے قافلے کے ہمراہ جلسہ گاہ روانہ ہوں گی، خواتین ونگ کی ضلعی صدر سعدیہ تیمور اور انوشے رحمان خواتین کے قافلے کی قیادت کرتے ہوئے جلسہ گاہ پہنچیں گی۔

اسلام آباد سے طارق فضل چوہدری کی قیادت میں قافلہ روانہ ہو گا

اسلام آباد سے مسلم لیگ ن کا قافلہ جی نائن پشاور موڑ سے طارق فضل چوہدری کی قیادت میں روانہ ہو گا۔ سابق وزیر حکومت کہتے ہیں کہ اسلام آباد سے 6 ہزار مسلم لیگی کارکنوں نے لاہور جانے کے لیے رجسٹریشن کروائی ہے۔

اس کے علاوہ ناصر بٹ کی قیادت میں قافلہ راولپنڈی ڈھوک رتہ سے لاہور کے لیے روانہ ہو گا، روانگی سے قبل حاجی ہاؤس میں بیل کا صدقہ کیا جائے گا۔

سینیٹر چوہدری تنویر کی قیادت میں بھی 3 ہزار افراد کا قافلہ 200 سے زیادہ گاڑیوں پر راولپنڈی سے لاہور کے لیے روانہ ہو گا۔

اس کے علاوہ چاروں صوبوں سمیت آزادکشمیر اور گلگت بلتستان سے بھی قافلے لاہور جلسہ گاہ میں پہنچ کر نواز شریف کا استقبال کرنے کے لیے موجود ہوں گے۔

بتایا جائے نواز شریف کو کس بات کی سزا دی گئی، کیپٹن صفدر

پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما کیپٹن صفدر نے رائے ونڈ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بتایا جائے نواز شریف کو کس بات کی سزا دی گئی، نواز شریف کو جب جب قید کیا گیا ملک سے روزگار ختم ہو گیا۔

انہوں نے کہاکہ نوازشریف نے اس ملک کو جوڑا، اب ایک بار پھر تعمیر پاکستان کا آغاز مینار پاکستان سے ہونے جا رہا ہے۔

نواز شریف واپس آ کر معاشی خوشحالی اور امن لائیں گے، امیر مقام

پاکستان مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا کے صوبائی صدر امیر مقام نے کہا ہے کہ نواز شریف واپس آ کر ملک میں معاشی خوشحالی اور امن لائیں گے۔

پشاور میں گفتگو کرتے ہوئے امیر مقام نے کہاکہ نواز شریف کے استقبال کے لیے ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کو دیکھ کر خوشی ہوئی، لوگ اپنے قائد کے استقبال کے لیے جمع ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ نواز شریف کی وطن واپسی پر کراچی سے خیبر تک لوگ جشن منا رہے ہیں، لوگوں کو آج ماضی یاد آ رہا ہے جب ملک میں خوشحالی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے اس وقت ملک کو بحرانوں سے نکالا جب 20، 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہورہی تھی، لوگ نوازشریف کی قیادت سے خوش تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp