پشاور : راہزنی میں طالب علم کو قتل کرنے والا ’گرفتار‘ ملزم کیسے ہلاک ہوا؟

ہفتہ 21 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پشاور پولیس نے تصدیق کی ہے کہ ایڈورز کالج کے طالبعلم حسن طارق کے قتل میں گرفتار افغان شہری اپنے ہی ساتھیوں کی مبینہ فائرنگ سے ہلاک ہو گیا ہے۔ واقعہ گزشتہ رات تھانہ رحمان بابا کی حدود میں پیش آیا جب پولیس گرفتار ملزم کو ساتھ لیکر دیگر ملزمان کی تلاش میں گئی تھی، جہاں ان پر مسلحہ افراد نے فائرنگ کر دی تھی۔

پولیس گرفتار ملزم کو ساتھ لے کر کیوں گئی؟

ایس ایس پی آپریشن پشاور کاشف آفتاب عباسی نے بتایا کہ تھانہ رحمان بابا پولیس نے ایڈورڈز کالج کے طالب علم قتل کیس میں زیر حراست ملزم شاہسوار کی نشاہدہی پر دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا۔ اس دوران ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ملزم شاہسوار اپنے ساتھی ملزمان کی فائرنگ کی زد میں آگیا اور موقع پر ہی جان بحق ہوگیا۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزمان فرار ہو گئے۔ شاہسوار کی لاش اسپتال منتقل کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

کاشف عباسی نے مزید بتایا کہ کراس فائرنگ کے دوران ایک پولیس اہلکار کو بھی 2 گولیاں لگیں لیکن بلٹ پروف جیکٹ پہننے کی وجہ سے خوش قسمتی سے محفوظ رہا جبکہ مقابلہ کے دوران پولیس گاڑی کو بھی متعدد گولیاں لگیں۔ ملزمان رات کی تاریکی اور گنجان آباد علاقے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔

ایڈورڈ کالج کے طالب علم حسن طارق کا قتل

طالب علم حسن طارق کی فائل فوٹو

واقعہ 11 اکتوبر کو پیش آیا تھا ۔ جب پشاور کے ہائی سیکیورٹی زون جیل روڈ پر خیبر پختونخوا اسمبلی کے قریب کالج سے واپسی پر راہزنی کے دوران مزاحمت پر راہزنوں نے طالب علم کو گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔ پشاور پولیس نے طالب علم کی شناخت حسن طارق کے نام سے کی تھی جو پشاور کے مشہور اور تاریخی ایڈورز کالج کا طالب علم تھا۔

پشاور پولیس کے مطابق حسن طارق ولد طارق خان رکشے میں کالج سے واپس گھر جا رہا تھا کہ اس دوران 2 موٹر سائیکل سوار ملزمان نے موبائل چھینے کی کوشش کی اور مزاحمت پر فائرنگ کر دی جس سے طالب علم جاں بحق ہو گیا۔

راہزن افغان اور غیرقانونی طور پر مقیم تھے

فائرنگ کے بعد پولیس نے طالب علم حسان طارق کے قتل میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ پولیس نے بتایا تھا کہ گرفتار ملزم افغان شہری ہے جو گزشتہ ایک سال سے پاکستان میں غیر قانونی مقیم اور راہزنی میں ملوث تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم کا دوسرا ساتھی بھی افغان ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp