بھارت میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ اپنے دوسرے حصے میں داخل ہو رہا ہے جہاں سے ورلڈ کپ جیتنے کی دوڑ میں شامل رہنے کی جنگ شروع ہونے والی ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر ایسا کھیل شروع ہونے والا ہے کہ چند ٹیموں کے لیے آئندہ آنے والے میچز میں ‘مارو یا مر جاؤ’ والی صورتحال ہو گی۔ کچھ ایسی ہی صورتحال آج بھارت کے شہر چنئی میں ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں ہو گی جہاں آج پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں آپس میں ٹکرائیں گی۔ افغانستان کی ٹیم کو اگر شکست ہو جاتی ہے تو شاید یہ ان کے لیے ورلڈ کپ جیتنے کے سفر کا اختتام ہو گا۔
دونوں ٹیموں کے مابین کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کا 22واں میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن 01:30 بجے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم، چنئی میں کھیلا جائے گا۔
ورلڈ کپ میں اب تک کا سفر
پاکستان نے اب تک ورلڈ کپ میں 04 میچز کھیلے ہیں جن میں 02 جیتے جبکہ دو ہارے ہیں دوسری جانب افغانستان کی ٹیم نے اپنے 04 میچز میں سے صرف ایک میچ جیتا ہے۔
ہیڈ ٹو ہیڈ میچز کا ریکارڈ
پاکستان کا افغانستان کے خلاف ایک روزہ میچز میں جیت کا ریکارڈ 100 فیصد ہے۔ دونوں ٹیمیں ایک روزہ میچز میں اب تک 07 بار ایک دوسرے کے خلاف کھیلی ہیں اور تمام میچز پاکستان نے جیتے ہیں۔
آئی سی سی ورلڈ کپ میں اب تک دونوں ٹیموں کے مابین صرف ایک میچ ہوا ہے جس میں پاکستان نے افغانستان کو شکست دی ہے۔
ایک روزہ میچز میں اسکور کا ریکارڈ
پاکستانی ٹیم نے اپنی ایک روزہ میچز کی تاریخ کا سب سے زیادہ اسکور سنہ 2018 میں زمبابوے کے خلاف 399 رنز بنایا ہے جبکہ پاکستان کا کم ترین اسکور ویسٹ انڈیز کے خلاف سنہ 1993 میں 43 رنز ہے۔
افغانستان کا ایک روزہ میچز میں سب سے زیادہ اسکور آئر لینڈ کے خلاف 338 رنز ہے جبکہ زمبابوے کے خلاف 58 رنز ان کا کم ترین اسکور ہے۔
پچ رپورٹ
ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم، چنئی میں وہی پچ استعمال کی جائے گی جس پر چند روز قبل بھارت اور آسٹریلیا کا میچ کھیلا گیا تھا۔ یہ پچ اسپنرز کے لیے انتہائی سازگار ہو گی کیونکہ اس پچ پر اسپن بولرز کے لیے ٹرن موجود ہو گا جیسا کہ ہم نے بھارت اور آسٹریلیا کے خلاف میچ میں دیکھا تھا۔
اس گراؤنڈ پر کھیلے گئے آخری 10 میچز میں پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم کا اوسط اسکور 264 رنز ہے۔ اس گراؤنڈ میں پہلے بیٹنگ کر کے جیتنے کا تناسب 60 فیصد ہے تو قوی امکان یہی ہے کہ جو بھی ٹیم ٹاس جیتے گی وہ پہلے بیٹنگ کرنے کو ترجیح دے گی۔
موسم کی صورتحال
چنئی میں آج موسم سخت گرم رہنے کی توقع ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 57 فیصد ہو گا۔
پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال
ہر میچ کے بعد پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال دلچسب ہوتی جا رہی ہے۔ میزبان بھارت اپنے تمام میچز جیت کر 10 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم گزشتہ روز بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد دوسرے، جنوبی افریقہ تیسرے اور آسٹریلیا کی ٹیم چوتھے نمبر پر موجود ہے۔
پاکستانی ٹیم 04 پوائنٹس کے ساتھ 05 ویں جبکہ افغانستان کی ٹیم 02 پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر ہے۔
پاکستان کا اسکواڈ
بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان، فخر زمان، امام الحق، عبداللہ شفیق، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، سلمان علی آغا، محمد نواز، اسامہ میر، حارث رؤف، حسن علی، شاہین آفریدی، محمد وسیم
افغانستان کا اسکواڈ
حشمت اللہ شاہدی (کپتان)، رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زدران، ریاض حسن، رحمت شاہ، نجیب اللہ زدران، محمد نبی، اکرام علی خیل، عظمت اللہ عمرزئی، راشد خان، مجیب الرحمان، نور احمد، فضل الحق فاروقی، عبدالرحمن، نوین الحق۔
آج کے میچ میں کون سے ریکارڈز بن سکتے ہیں؟
آج کے میچ میں اگر پاکستانی بیٹر محمد رضوان نے 13 رنز بنا لیے تو وہ معین خان، کامران اکمل اور سرفراز احمد کے بعد پاکستان کے لیے 2000 رنز بنانے والے چوتھے وکٹ کیپر بیٹر بن جائیں گے۔
افغانستان کے اسپن بولر مجیب الرحمٰن کو ایک روزہ میچز میں 100 وکٹیں مکمل کرنے کے لیے صرف 03 وکٹیں درکار ہیں اگر وہ مطلوبہ وکٹیں لینے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو وہ افغانستان کے لیے 100 وکٹیں حاصل کرنے والے چھوتے بولر بن جائیں گے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم نے اب تک چنئی میں صرف دو ایک روزہ میچ کھیلے ہیں اور دونوں ہی میچز بھارت کے خلاف کے خلاف کھیلے اور جیتے ہیں۔ پاکستان نے اس میدان میں پہلی کامیابی 1997 جبکہ دوسری کامیابی 2012 میں حاصل کی تھی۔