ایون فیلڈ و العزیزیہ ریفرنس: نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیلیں بحال کرنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست

پیر 23 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیر اعظم نواز شریف نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلیں بحال کرنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواستیں دائر کر دی۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف نے وکلا اعظم نذیر تارڑ اور امجد پرویز کے توسط سے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں اپیلیں بحال کرنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں الگ الگ درخواستیں دائر کی ہیں۔

درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نواز شریف نے کبھی ضمانت کا ناجائز فائدہ نہیں اٹھایا، نواز شریف تمام مقدمات میں ضمانت پر تھے اور متعلقہ عدالت کی اجازت سے بیرون ملک گئے۔ نواز شریف کی عدالت سے غیر حاضری جان بوجھ کر یا بدنیتی کے سبب نہیں تھی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف طبی بنیادوں پر عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ کووڈ کے باعث علاج میں تاخیر ہوئی۔ نواز شریف بیماری سے مکمل صحت یاب نہیں ہوئے ہیں، لیکن انہوں نے  ملک کے بدتر معاشی حالات اور مختلف محاذوں پر درپیش چیلنجز کو دیکھ واپس آنے کا فیصلہ کیا ہے۔

درخواستوں میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ نواز شریف کی سزا کی خلاف اپیلیں گزشتہ عدالتی کارروائی کے ساتھ بحال کی جائیں اور قانون کے مطابق میرٹ پر فیصلہ کیا جائے۔

واضح رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو 10 سال قید بامشقت کی سزا سنائی تھی اور ان پر 80 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔

العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کو احتساب عدالت نے 7 سال قید بامشقت کی سزا سنائی تھی۔

نواز شریف نے دونوں ریفرنس میں سزاؤں کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواستیں دائر کر رکھی تھی، نواز شریف علاج کی غرض سے اسلام آباد ہائیکورٹ سے میڈیکل بنیادوں پر ضمانت لے کر برطانیہ چلے گئے تاہم لندن میں قیام طویل ہونے پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے جون 2021 میں نواز شریف کی اپیلیں خارج کردی تھیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے عدم پیروی پر نواز شریف کی اپیلیں خارج کی تھیں۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ نواز شریف 4سال میں لندن میں قیام کے بعد اب پاکستان واپس پہنچ چکے ہیں جبکہ انہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے 24 اکتوبر تک حفاظتی ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔

عدالت نے نواز شریف کو سرنڈر کرنے کے لیے نیب کو 24 اکتوبر تک گرفتاری سے بھی روک رکھا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp