سائفر کیس: عمران خان کیخلاف کیا فردِ جرم عائد کی گئی ہے؟

پیر 23 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین پی ٹی آئی پر سائفرکیس میں عائد کردہ فرد جرم کے مطابق عمران خان نے بدنیتی کی بنیاد پر سائفر اپنے حق میں استعمال کرتے ہوئے قومی سلامتی کو خطرے سے دوچار کیا ہے۔

آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ کے لیے تشکیل کردہ خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے آج اڈیالہ جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف فرد جرم عائد کی تھی، جس کی تفصیل وی نیوز نے حاصل کرلی ہیں۔

ایف آئی اے کی جانب سے پیش کردہ چالان کے مطابق چارج شیٹ میں عمران خان کو خفیہ دستاویز کوغلط طریقے سے استعمال کرنے کے الزام کا سامنا ہے۔

عدالت نے انہیں چارج شیٹ کرتے ہوئے کہا ہے بطور وزیراعظم عمران خان نے سائفر غیرقانونی طور پر اپنے پاس رکھا، سائفر پاکستان اور امریکہ کے درمیان انتہائی خفیہ دستاویز تھی، خفیہ دستاویز کو ممنوع مقام یعنی سیاسی جلسے میں غلط طریقہ سے استعمال کیا گیا۔

عمران خان کیخلاف عائد کردہ چارج شیٹ کے مطابق سائفر کی خفیہ معلومات کوغیرضروری افراد تک پہنچایا، ریاست کے مفاد کے خلاف معلومات آگے استعمال کرنے کے مجاز نہیں تھے۔

’وزارت خارجہ نے اعتماد کرتے ہوئے سائفر آپ (عمران خان) کو فراہم کیا، آپ نے سائفر اپنے پاس رکھتے ہوئے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا، آپ نے اس عمل سے سائفراورملکی سیکیورٹی نظام پر سمجھوتہ کیا، آپ کے اس عمل سے ریاستِ پاکستان کی سلامتی متاثر ہوئی۔‘

چارج شیٹ کے مطابق 28 مارچ 2022 بنی گالا اجلاس میں ملزم شاہ محمود قریشی کے ہمراہ عمران خان نے سائفرکو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کی، انہوں نے بدنیتی کی بنیاد پر سائفر اپنے حق میں استعمال کرتے ہوئے قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالا۔

’وزارتِ خارجہ کی طرف سے سائفر آپ کو بھیجا گیا، آپ نے پاس رکھا اور واپس نہیں بھیجا، غیرمجاز ہونے کے باوجود غیرقانونی طور پر سائفر اپنے پاس رکھا، آپ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے سیکشن 5 اور 9 کے تحت جرم کے مرتکب ٹھہرے ہیں۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp