ملک میں عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان جلد ہو جائے گا، نگراں وزیر اعظم

پیر 23 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ملک میں الیکشن کی گہما گہمی شروع ہو گئی ہے اور عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔ اس سے پہلے کہ کہیں اور سے انتخابات کی تاریخ کا حکم آئے ہمیں الیکشن کی تاریخ کا اعلان کر دینا چاہیے، چاہتے ہیں کہ ہر سیاسی جماعت کو’ لیول پلیئنگ فیلڈ ملے، نواز شریف پیدائشی پاکستانی ہیں، بائیو میٹرک ان کا قانونی حق ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ چین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات اہمیت کے حامل ہیں،  سی پیک کا تسلسل پاکستان کے مفاد میں ہے، دورہ چین کافی کامیاب رہا اور چین کے صدر شی جن پنگ کے ساتھ ملاقات انتہائی مثبت رہی، چاہے پاکستان میں کسی کی بھی حکومت ہو چین کے ساتھ تعلقات اہمیت کے حامل ہیں۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ چین کے صدر شی جن پنگ کی دعوت پر بی آر ایف فورم میں شرکت کے لیے چین کا دورہ کیا تھا، چین کا دورہ کامیاب رہا، اس دوران بھرپور میڈیا کوریج ملی، چین میں روس، کینیا اور دیگر ممالک کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دیتا ہے، سی پیک کا تسلسل دونوں ممالک کے درمیان دیرپا تعلقات کے لیے اہم ہے، جو بھی حکومت آئے سی پیک کو جاری رکھے گی، امید کرتے ہیں اچھے طریقے سے اقتدار منتقل کریں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ چین کے ساتھ مسئلہ کشمیر پر بھی بات کی ہے، چین نے کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کی حمایت کی، دورے کے دوران چین کے ساتھ 20 کے قریب مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں، ایک عرصے بعد چین کے ساتھ اتنی بڑی تعداد میں پاکستان کے سمجھوتے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چینی کاروباری شخصیات کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں چین کی نجی کمپنیاں بھی سرمایہ کاری کریں گیں، سی پیک کی رفتار تیز ہونے سے معاشی و معاشرتی ترقی میں بہتری آئے گی۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے، وزیر خارجہ نے سعودی عرب میں جدہ کانفرنس میں شرکت کی اور فلسطینیوں کے حق میں آواز اٹھائی، ہم نے چین میں فلسطین کا مسئلہ اٹھایا، چین، روس، کینیڈا کے حکام سے بھی مشرق وسطیٰ کی نازک صورتحال پر بات کی۔

صحافی ارشد شریف کے قتل کا معاملہ کینیا کے حکام کے ساتھ اٹھایا

انہوں نے کہا کہ کینیا کے حکام کے ساتھ صحافی ارشد شریف کے قتل کے حوالے سے بھی بات کی ہے کہ اگر کوئی بھی معلومات کینیا کے حکام کے پاس ہیں تو وہ پاکستان کے ساتھ شیئر کریں، کینیا کے حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے پر پاکستان کے ساتھ مکمل معلومات شیئر کی جائیں گیں۔

نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ جلد انتخابات کی گہما گہمی ہو گی، الیکشن کی تاریخ کا اعلان جلد کر دیا جائے گا، اس سے پہلے کہ کوئی اور انتخابات کی تاریخ دے ہمیں خود دے دینی چاہیے، نواز شریف پیدائشی پاکستانی ہیں تو بائیو میٹرک ان کا قانونی حق ہے۔

انہوں نے کہاکہ غیر قانونی شہری پاکستان سے چلے جائیں اور اپنی حکومت سے پاسپورٹ بنوا کر قانونی دستاویزات پر ویزا لے کر پاکستان آئیں، 40 سال سے غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم افغانیوں کو واپس ان کے ملک بھیجا جا رہا ہے، بین الاقوامی تقاضوں کے مطابق پاکستان نے یہ فیصلہ کیا ہے۔

سیاست دان اپنی مرضی سے کسی بھی پارٹی میں جا سکتے ہیں

صحافی کی جانب سے سوال کہ ’گزشتہ انتخابات سے قبل بلوچستان میں ’باپ‘ پارٹی بنی تھی اب کیا یہ ممکن ہے کہ بلوچستان سے بہت سارے لوگ مل کر مسلم لیگ ن میں جانے کی کوشش کریں؟‘ کے جواب میں نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ لوگوں کی مرضی ہے جو جہاں جانا چاہے، کس نے روکا ہے کسی کو۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کی اپنی مرضی ہے وہ جس جماعت میں جانا چاہیں جا سکتے ہیں، بلوچستان کے پاور پالیٹکس کرنے والے لوگ فیصلہ کرتے ہیں کہ ان کے لیے کیا بہتر ہے، جنوبی پنجاب میں یہ ٹرینڈ موجود ہے، لوگ کس جماعت میں شامل ہو رہے ہیں نگراں حکومت کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی سیاسی جماعت کے الیکشن سے باہر ہونے کے حق میں ہیں نہ کسی سیاسی رہنما کے سیاسی جماعتوں میں شامل ہونے سے روکنے کے حق میں ہیں، لیول پلیئنگ فیلڈ ایک مخصوص جماعت کو جتوانے کا نام ہے تو اس پر میں کچھ نہیں کہوں گا۔ 2018 کی لیول پلیئنگ فیلڈ اور جنوبی پنجاب صوبہ محاذ یاد ہے؟۔ ہمیں کوشش کرنی چاہیے کہ سب کو لیول پلیئنگ فیلڈ ملے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ اگر کوئی کہے کہ میں پارلیمنٹ کو آگ بھی لگاؤں گا اور جمہوریت کا چیمپیئن بھی بنوں گا تو ایسے ماحول میں سوشل آرڈر قائم نہیں رہتا، اگر کوئی اس عمل کو پر امن ہونے سے جوڑتا ہے تو جوڑتا رہے قانون اس کو پر امن نہیں کہے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp