طلبہ چیلنجز کا حل تلاش کرنے کے لیے اپنے دانشورانہ وسائل بروئے کارلائیں، آرمی چیف

پیر 23 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کہا ہے کہ تعلیم کوئی آپشن نہیں بلکہ ضرورت ہے، طلبہ ملک کو درپیش چیلنجز کا جائزہ لیں اور ان کا حل تلاش کرنے کے لیے اپنے دانشورانہ وسائل بروئے کار لائیں۔

پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے سالانہ کانووکیشن ویک کے آغاز کے موقع پر یونیورسٹی کے مرکزی کیمپس اسلام آباد کا دورہ کیا۔

جنرل عاصم منیر جو نسٹ بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین بھی ہیں نے کانووکیشن کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور طلبہ میں ڈگریاں اور میڈلز تقسیم کیے۔

کانووکیشن کے دوران بیچلر، ماسٹر اور پی ایچ ڈی کے طلبہ کو ڈگریاں جاری کی گئیں۔ مرکزی کیمپس میں   7 بنیادی مضامین میں 3500 سے زیادہ گریجویٹس کو ڈگریاں دی گئیں۔

کانووکیشن میں گریجویٹس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے گریجویٹس، ان کے والدین اور فیکلٹیز کو دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے تدریس اور سیکھنے کے لیے ایک سازگار ماحول فراہم کرنے پر نسٹ کی تعریف کی اور کہا کہ نسٹ ہماری نوجوان نسل کے ذہنوں کی جدید دور کے تقاضوں کے مطابق آبیاری کر رہی ہے، جو قوم کی خدمت کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم کوئی آپشن نہیں بلکہ ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ آج طلبہ کی زندگی میں ایک نئے باب کا آغاز ہونے جا رہا ہے، آج کے بعد طلبہ کی زندگیوں کے ایک نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے جو ان کے کندھوں پر بھاری ذمہ داری بھی عائد کرتا ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ یہ نئی ذمہ داری ان کی شخصیت اور آنے والے سفر میں بھی ظاہر ہونی چاہیے۔

آرمی چیف نے کہا کہ اب طلبہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کو درپیش چیلنجز کا جائزہ لیں اور ان کا حل تلاش کرنے کے لیے اپنے دانشورانہ وسائل بروئے کار لائیں۔ قبل ازیں نسٹ پہنچنے پر ریکٹر نسٹ نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp