اسلام آباد ہائیکورٹ کا خصوصی بینچ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی ایون فیلڈ ریفرنس اور العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلیں بحال کرنے کی درخواستوں پر کل سماعت کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل اسلام آباد ہائیکورٹ کا 2 رکنی بینچ نواز شریف کی درخواستوں پر سماعت کرے گا۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے وکلا اعظم نذیر تارڑ اور امجد پرویز کے توسط سے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں اپیلیں بحال کرنے کے لیے آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں الگ الگ درخواستیں دائر کی ہیں۔
مزید پڑھیں
واضح رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نواز شریف کو جولائی 2018 میں ایون فیلڈ ریفرنس میں 10 سال جبکہ دسمبر 2018 میں العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں 7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ خصوصی عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ نواز شریف ہی العزیزیہ اور ہل میٹل کے اصل مالک ہیں اور وہ اثاثوں سے متعلق جائز ذرائع آمدن بتانے میں ناکام رہے ہیں۔
یاد رہے کہ نوازشریف تقریباً 4 سال بعد 21 اکتوبر کو وطن واپس تشریف لائے ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ اور احتساب عدالت نے احکامات دیے تھے کہ نوازشریف کو وطن پہنچنے پر گرفتار نہ کیا جائے۔