پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ایک ہزار رنز مکمل ہو گئے ہیں۔
قومی ٹیم کے کپتان نے کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران افغانستان کے خلاف میچ میں یہ اعزاز اپنے نام کیا۔
بابر اعظم پاکستان کے سابق بیٹر جاوید میانداد کے بعد دوسرے کھلاڑی ہیں جنہوں نے ایک ہزار رنز اسکور کیے ہیں۔
جاوید میانداد نے ورلڈ کپ کے دوران 28 اننگز کھیل کر ایک ہزار رنز مکمل کیے تھے جبکہ بابر اعظم نے یہ اعزاز 26 اننگز میں اپنے نام کیا ہے۔
مزید پڑھیں
کرکٹ کی دنیا میں قدم رکھنے کے بعد بابراعظم اپنا چوتھا ورلڈ کپ کھیل رہے ہیں، بابر اعظم نے اس سے قبل ورلڈ کپ 2019 میں حصہ لیا تھا، اس کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 اور 2022 میں بھی پلیئنگ الیون کا حصہ تھے۔
قومی بیٹر نے 2019 کے ورلڈ کپ میں 8 اننگز کھیل کر 474 اسکور بنائے تھے جو میگا ایونٹ کے دوران کسی بھی پاکستانی بیٹر کا سب سے زیادہ اسکور تھا۔
قومی کپتان رواں ورلڈ کپ 2023 میں ماضی کی طرح اپنی پرفارمنس کا جادو جگانے میں ناکام رہے ہیں، انہوں نے اب تک 5 میچوں کے دوران صرف 157 رنز اسکور کیے ہیں۔
بابراعظم نے آج کے میچ میں افغانستان کے خلاف سب سے زیادہ 74 رنز بنائے جبکہ بھارت کے خلاف میچ میں 50 رنز بنائے تھے۔
بابراعظم نے سری لنکا کے خلاف میچ میں 10 رنز، آسٹریلیا کے خلاف میچ میں 18 رنز اسکور کیے تھے جبکہ نیندر لینڈ کے خلاف صرف 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تھے۔