کرکٹ ورلڈ کپ 2023: آج جنوبی افریقہ کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہوگا

منگل 24 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئی سی سی کرکٹ مینز ورلڈ کپ 2023 کا 23واں میچ آج بھارتی شہر ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔


دونوں ٹیموں کا ورلڈ کپ کا سفر

ورلڈ کپ کے 4 میچوں میں سے 3 میں کامیابی کے ساتھ جنوبی افریقہ پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر ہے۔ سری لنکا کے خلاف 102، آسٹریلیا کے خلاف 134 اور انگلینڈ کے خلاف 229 رنز کی شاندار کامیابیوں نے انہیں ٹورنامنٹ میں بہترین نیٹ رن ریٹ دلوایا ہے۔

جنوبی افریقہ نے ورلڈ کپ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہر بار 300 سے زائد رنز بنائے ہیں اور ان کے ٹاپ آرڈر نے مضبوط اختتام کے لیے مضبوط پلیٹ فارم فراہم کیا ہے، جس میں ہائنرک کلاسن اور مارکو جینسن نے وانکھیڈے میں تباہ کن مثال پیش کی تھی۔

جنوبی افریقا سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے پوری طرح تیار ہے جبکہ بنگلہ دیش کو افغانستان کے خلاف ابتدائی فتح کے بعد انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور بھارت کے ہاتھوں 3 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ایک اور شکست یقینی طور پر ان کے کوالیفائی کرنے کے امکانات کو ختم کر دے گی۔

مشفق الرحیم بنگلہ دیش کے بہترین بلے باز ہیں، نجم الحسین شانتو، توحید ہردوئی اور مہدی حسن معراج مڈل آرڈر میں اہم کردار ادا کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ تنزید حسن نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کے مشکل آغاز کے بعد بھارت کے خلاف نصف سینچری اسکور کی جبکہ لٹن داس ٹاپ آرڈر میں ففٹی ففٹی رہے ہیں۔ بھارت کے خلاف گزشتہ میچ میں انجری کی وجہ سے کھیلنے سے محروم رہنے والے شکیب الحسن کے فٹ ہونے یا نہ ہونے کی وجہ سے بھی یہ میچ اہم ہے کیونکہ بنگلہ دیش کی ٹیم ایک بار پھر زخمی تسکین احمد کے بغیر میدان میں اترے گی۔

گزشتہ 5 ایک روزمرہ میچوں میں جیت کا تناسب

جنوبی افریقہ کو اپنے گزشتہ 5 ایک روزہ میچز میں سے صرف ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ وہ آخری 3 میچ جیت پر فتح کے رستے پر گامزن ہے۔

جنوبی افریقہ کے برعکس بنگلہ دیش اپنے گزشتہ 5 ایک روزہ میچز میں سے صرف ایک میچ جیت سکا ہے جبکہ اسے 4 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ بنگلہ دیش کو آخری 3 میچوں میں سے صرف ایک میں کامیابی نصیب ہوئی ہے۔

پچ کی صورتحال اور گرم موسم

آج ممبئی میں گرم دوپہر کی توقع ہے جس میں درجہ حرارت 30 سینٹی گریڈ کے وسط میں زیادہ نمی کے ساتھ ہوگا۔ جوز بٹلر نے اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے ہفتے کے روز ایسی کنڈیشنز میں پہلے فیلڈنگ کرکے غلطی کی تھی، لہذا توقع ہے کہ ٹاس جیتنے والی ٹیم وانکھیڈے کی پچ پر پہلے بیٹنگ کرے گی۔

جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش: ہیڈ ٹو ہیڈ

بنگلہ دیش نے جنوبی افریقہ کے خلاف اپنے آخری 2 ورلڈ کپ میچز 2007 اور 2019 میں کامیابی حاصل کی تھی۔ 2019 کے ورلڈکپ کے سنسنی خیز مقابلے میں جنوبی افریقہ کو 38 رنز کی ہزیمت سے دوچار کیا تھا۔

بنگلہ دیش نے 2022 میں پہلی بار جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز بھی جیتی تھی۔

جنوبی افریقہ اسکواڈ

کوئنٹن ڈی کوک( وکٹ کیپر)، ٹیمبا باووما (کپتان)، ریزا ہینڈرکس، راسی وان ڈیر ڈوسن، ایڈن مارکرم، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر، مارکو جینسن، جیرالڈ کوئٹزی، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا اور لونگی نگیڈی۔

بنگلہ دیش اسکواڈ

شکیب الحسن بائیں بازو کی چوٹ کی وجہ سے بھارت کے خلاف میچ میں شرکت نہیں کرسکے تھے لیکن ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اتوار کو بغیر کسی مسئلے کے ٹریننگ کی تھی اور امکان ہے کہ وہ آج کے میچ کے لیے فٹ ہوجائیں گے۔ البتہ کندھے کی چوٹ کی وجہ سے تسکین دستیاب نہیں ہیں۔

بنگلہ دیش کی ٹیم میں شکیب الحسن (کپتان)، تنویر حسن، لٹن داس، نجم الحسین شانتو، توہید ہردوئی، مشفق الرحیم، مہدی حسن معراج، محمود اللہ، حسن محمود، شرف الاسلام اور مستفیض الرحمان شامل ہیں۔

بنگلہ دیش کیخلاف حالیہ بدترین ریکارڈ سے جان چھڑالیں گے، مارکرم

بنگلہ دیش کے خلاف آخری 4 میں سے 3 میچز میں جنوبی افریقہ کو شکست کا سامنا رہا ہے۔ جنوبی افریقی بیٹر ایڈن مارکرم کا کہنا ہے کہ ہم نے ماضی میں بنگلہ دیش کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا اور یہی بات ہماری حوصلہ افزائی کرے گی کہ ہم ان کے خلاف بہتر پرفارمنس کا مظاہرہ کریں۔

ممبئی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ ان کے خلاف اسی کارکردگی کو دہرایا جائے جو انگلینڈ کے خلاف پیش کی تھی۔ ہماری توجہ معیاری کھیل کا مظاہرہ کرنے پر مرکوز ہوگی اور ہم منصوبہ بندی کے مطابق کھیلنے میں کامیاب ہوگئے تو اس دن یہ ہمارے لیے کافی ہوگا۔

ایڈن مارکرم نے بنگلہ دیش کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بہترین ٹیم ہے اور آپ نے بنگلہ دیش جیسی ٹیم کے خلاف اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ نہیں کیا تو پھر آپ کافی دباؤ میں آجائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp