ڈرنے والے نہیں، ملک میں فوری شفاف انتخابات کرائے جائیں، ترجمان پی ٹی آئی معظم بٹ

بدھ 25 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ترجمان معظم بٹ نے کہا ہے کہ 9 مئی کے بعد ہماری جماعت کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے ایسا جانوروں کے ساتھ بھی نہیں کیا جاتا۔ ’پولیس کریک ڈاؤن، کیسز اور گرفتاریوں کے باوجود بھی تحریک انصاف انتخابات کا مطالبہ کر رہی ہے‘۔

پشاور میں ’وی نیوز‘ کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے معظم بٹ نے کہا کہ ان کی جماعت پر مشکل وقت ضرور ہے لیکن یہ گزر جائے گا۔ پارٹی قائدین مشکل حالات کا بھرپور مقابلہ کر رہے ہیں۔

انتخابات کرائیں لگ پتا جائے گا عوام کس کے ساتھ ہیں

معظم بٹ نے کہاکہ تحریک انصاف واحد جماعت ہے جو مشکل وقت میں بھی بروقت انتخابات کا مطالبہ کر رہی ہے۔ ملک میں آئین کے مطابق بروقت شفاف انتخابات کا انعقاد ہونا چاہیے۔ اصل طاقت ووٹ ہے، اسی سے اندازہ ہو گا کہ عوام کے ساتھ کھڑے ہیں لیکن انتخابات کو طول دینے کی کوششیں ہمیں قبول نہیں ہیں۔ الیکشن کمیشن اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

انہوں نے زور دیا کہ صدر مملکت عارف علوی کو بروقت انتخابات کے انعقاد کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

پی ٹی آئی کو انتخابی مہم کی اجازت نہیں مل رہی

پی ٹی آئی کے ترجمان نے پارٹی رہنماؤں کی گرفتاریوں اور الیکشن مہم پر بھی بات کی۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کو الیکشن مہم چلانے کی اجازت نہیں مل رہی اور کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس چادر اور چاردیواری کا خیال نہیں کر رہی، پارٹی رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

معظم بٹ نے کہاکہ نواز شریف کو مکمل پروٹوکول کے ساتھ واپس لایا گیا اور پھر ان کا جلسہ بھی ہوا مگر پی ٹی آئی کو کارنر میٹنگ کی بھی اجازت نہیں مل رہی، اگر کہیں کوئی ایسی سرگرمی کی جائے تو پولیس چھاپہ مار دیتی ہے۔ ہمارے کارکنوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔ ’یہ کوئی طریقہ نہیں، ہماری سیاسی جماعت ہے اور الیکشن مہم چلانا ہمارا حق ہے‘۔

انہوں نے نگراں وزیراعظم کے اس موقف سے اختلاف کیا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو مہم چلانے کی اجازت ہے۔ معظم بٹ نے مطالبہ کیا کہ نگراں حکومت شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنائے۔

الیکشن میں وکلا کو ٹکٹ دیے جائیں گے، امیدواروں کی کمی نہیں

معظم بٹ نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کے پاس عام انتخابات کے لیے امیدواروں کی کوئی کمی نہیں ہے۔ اتنے امیدوار ہیں کہ ان میں بھی ووٹنگ کی ضرورت پڑے گی۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی نے انتخابات کی مکمل تیاری کر لی ہے، تمام حلقوں سے امیدوار میدان میں اتارے جائیں گے۔ ہر حلقے سے امیدوار اور کورنگ امیدوار کے لیے بھی لسٹ تیار ہے۔ ’ہم تیار ہیں بس نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کرائیں‘۔

انہوں نے کہاکہ اس بار انتخابات میں وکلا کو بھی ٹکٹ دیے جائیں گے۔ وکلا اس وقت فرنٹ لائن پر کسی خوف کے بغیر کھڑے ہیں اور پارٹی کو آگے لے کر جا رہے ہیں۔ ’پی ٹی آئی ٹکٹ لینے والوں کی کمی نہیں ہے۔ رہنما اور کارکنان ثابت قدم ہیں‘۔

9 مئی کے گرفتار کارکنان کے کیسز میں پارٹی معاونت کر رہی ہے

معظم بٹ نے کہاکہ پارٹی مشکل وقت میں کارکنان کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کے ساتھ ہے۔ 9 مئی کے پُرتشدد واقعات کے بعد کارکنان کا گرفتار کیا گیا تھا۔ پارٹی تمام گرفتار کارکنان کو قانونی معاونت فراہم کر رہی ہے۔ ’انصاف لائرز فورم کے ممبران تمام کیسز میں پیش ہو رہے ہیں۔ اور جو کیسز فوجی عدالتوں میں تھے ان میں بھی وکیل معاونت کر رہے ہیں‘۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہاکہ تحریک انصاف کے کارکنان تشدد اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث نہیں ہیں اور عدالتوں سے بری ہو جائیں گے۔

رہنماؤں کا روپوش ہونا حکمت عملی ہے

معظم بٹ نے پارٹی رہنماؤں کے روپوش ہونے کو حکمت عملی قرار دیتے ہوئے کہاکہ پولیس گرفتاریاں کر رہی ہے اس لیے پارٹی رہنما مختلف مقامات پر روپوش ہیں۔ ’ہم عدالتوں میں کیسز کا بھرپور دفاع کر رہے ہیں‘ ۔

انہوں نے کہاکہ مراد سعید سمیت دیگر رہنما آج ہی منظر عام پر آ جائیں گے اور عدالتوں میں پیش ہوں گے لیکن یہ لوگ انہیں ہراساں کرنا بند کریں۔ عدالتی فیصلوں کا احترام کرتے ہوئے ضمانت کے بعد کسی کو گرفتار نہیں کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ کامران بنگش کو تمام کیسز میں ضمانت ملنے کے باوجود گرفتار کیا گیا اور بعد میں نیا کیس بنا دیا گیا۔

معظم بٹ نے کہاکہ ان گرفتاریوں، کریک ڈاؤن، کیسز اور پولیس چھاپوں کا ہم پر کوئی اثر نہیں ہو گا، ہم ڈرنے والے نہیں، الیکشن کمیشن فوری شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp