خیبرپختونخوا میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ 26 نومبر کو دوبارہ منعقد کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق خیبر میڈیکل یونیورسٹی نے اعلان کیا ہے کہ صوبے میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ دوبارہ منعقد کرانے کی تاریخ کا فیصلہ ہوگیا، ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ دوبارہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے زیراہتمام 26 نومبر کو منعقد کیا جائے گا جس کے لئے صوبے کی پولیس، ایف آئی اے، ایٹیلجس بیورو اور دیگر سیکیورٹی اور انٹیلیجنس اداروں سے مدد لی جا ئیگی۔
مزید پڑھیں
خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے مطابق اس ٹیسٹ میں شرکت کے لیے 46658 سے زائد امیدواروں نے رجسٹریشن کروائی ہے، 219 امیدواروں کی رجسٹریشن گزشتہ ٹیسٹ کے نقل سکینڈل کی وجہ سے منسوخ کی جا چکی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ خیبر پختونخوا میں منعقدہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں بلیو ٹوتھ ڈیوائس سمیت جدید ٹیکنالوجی سے نقل کرنیوالے 219 امیدوار رنگے ہاتھوں پکڑے گئے تھے جنہیں پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے اور ان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی تھی۔
پشاور پولیس نے نقل کرانے کی کوشش میں ملوث مبینہ ملزم کو 19 ستمبر کو گرفتار کیا تھا۔ ابتدائی تحقیقات میں ملزم نے پولیس کو بتایا کہ وہ امیدواروں اور ٹیسٹ میں نقل کرانے والوں کے ساتھ رابطے میں تھا۔
ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں نقل کے خلاف طلبہ اور والدین کی درخواست پر چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے معاملے کا نوٹس لے لیا اور ٹیسٹ کے نتائج روک کر متعلقہ حکام اور چیف سکریٹری کے پی سے جواب طلب کیا تھا اور بعد ازاں ٹیسٹ دوبارہ لینے کے احکامات جاری کیے تھے۔ دوسری جانب صوبائی کابینہ نے بلیوٹوتھ سکینڈل کے باعث گزشتہ ٹیسٹ منسوخ کر دیا تھا۔