جوڈیشل کمپلیکس حملہ و توڑ پھوڑ کیس، تحریک انصاف کے 10 رہنماؤں کے دائمی وارنٹ گرفتاری

بدھ 25 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے جوڈیشل کمپلیکس حملہ و توڑ پھوڑ کیس میں تحریک انصاف کے 10 رہنماؤں کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔

انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین جوڈیشل کمپلیکس حملہ و توڑ پھوڑ کیس میں پاکستان  تحریک انصاف کے رہنماؤں مراد سعید، عمر ایوب خان، علی امین گنڈاپور سمیت تحریک انصاف کے 10 رہنماؤں کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔

عدالت نے طلبی کے باوجود مسلسل غیر حاضری پر پی ٹی آئی رہنماؤں کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں شبلی فراز، فرخ حبیب، حماد اظہر، علی نواز اعوان، حسان خان نیازی ،عمر سلطان اور کرنل محمد عاصم کے بھی دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ اس کیس میں مذکورہ ملزمان کو اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے، ملزمان جہاں نظر آئیں، گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔

واضح رہے کہ رواں سال 18 مارچ کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان توشہ خانہ کیس میں پیشی کے لیے جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد پہنچے تو تحریک انصاف کے مشتعل کارکنان نے جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ کر دیا۔

پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان کے درمیان تصادم ہوا اور پی ٹی آئی کارکنان نے پولیس کی گاڑیوں کو آگ لگانے کے لیے پیٹرول بموں کا استعمال کیا۔

جوڈیشل کمپلیکس و ہنگامہ آرائی کیس سی ٹی ڈی تھانے میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، صدر پی ٹی آئی چوہدری پروزیر الہی اور تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں کے خلاف درج ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp