غزہ پر اسرائیلی حملے: مسلم حکمران سوائے زبانی جمع خرچ کے کچھ نہیں کر رہے، حافظ نعیم الرحمٰن

بدھ 25 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ فلسطین کی صورتحال مسلم ممالک کے حکمرانوں کے لیے سوالیہ نشان ہے جو سوائے زبانی جمع خرچ کے کچھ نہیں کر رہے۔

اسرائیل کی غزہ پر وحشیانہ بمباری اور فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی میں شارع فیصل پر خواتین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل فلسطین میں دہشت گردی کررہا ہے جبکہ برطانیہ، اٹلی، جرمنی اور امریکا نے اسرائیل کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ غزہ قبرستان کی کیفیت اختیار کرچکا ہے، معصوم بچوں کی لاشیں ملبے تلے موجود ہیں لیکن کئی ریاستیں اسرائیل کی دہشت گردی کا ساتھ دے رہی ہیں۔

حکمران مسجد اقصیٰ کی حفاظت نہیں کر سکتے تو کیوں مسلط ہیں

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ غزہ کی صورتحال مسلم حکمرانوں کے لیے سوالیہ نشان ہے جو سوائے زبانی جمع خرچ کے کچھ نہیں کر رہے ہیں، اسلامی ممالک کی افواج کی تعداد 70 لاکھ سے زائد ہے جبکہ یہ حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، اگر مسلم حکمران مسجد اقصیٰ کی حفاظت نہیں کرسکتے تو کیوں ہمارے سروں پر مسلط ہیں، مارچ میں شریک بچے اور عورتیں ان حکمرانوں سے مطالبہ کررہی ہیں کہ فلسطین کے مسلمانوں کی مدد کریں۔

ایٹم بم اور میزائل کس دن کے لیے رکھے ہوئے ہیں

امیر جماعت اسلامی کراچی نے اپنے خطاب میں حماس کے مجاہدین کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ حماس کے مجاہدین نے اسرائیل کے عزائم کو خاک میں ملادیا، امت مسلمہ کے حکمرانوں نے کس دن کے لیے ایٹم بم اور میزائل رکھے ہوئے ہیں، اسرائیل کے دہشت گرد صیہونی ہر سال فلسطینی بچوں، بزرگوں اور جوانوں کا قتل عام کرتے ہیں، حماس کے نوجوان اسرائیل کے سامنے مزاحمت کا راستہ اختیار کیے ہوئے ہیں، مسجد اقصی ہر مسلمان کی ہے،  حماس کے مجاہدین تمام مسلمانوں کی نمائندگی کررہے ہیں۔

اسرائیل سے پینگیں بڑھانے والے سن لیں

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ عرب ممالک اسرائیل سے تعلقات بڑھانے کی کوشش کررہے ہیں لیکن حماس کے مجاہدین نے اسرائیلی دہشت گردی کا منہ توڑ جواب دیا اور اس کے سارے عزائم خاک میں ملا دیے، اسرائیل سے پینگیں بڑھانے والے سن لیں کہ ہم حماس کے مجاہدین اور فلسطین کے عوام کے ساتھ ہیں، ہمارے سینوں میں جذبہ جہاد اور شوق شہادت کی تمنا دلوں میں ہے، ہم لڑ نہیں سکتے لیکن امت مسلمہ کے حکمرانوں، فوجیوں اور جرنیلوں کو جگانے کے لیے مارچ کریں گے، ہم فلسطین کی مدد کے لیے مالی امداد کریں گے۔

حکمران فوج سامنے لائیں یا پیچھے ہٹ جائیں

انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں کو ہٹانے کے لیے ایک بڑی جدوجہد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا حکمرانوں نوشتہ دیوار پڑھ لو، اب عوام میں غیض و غضب موجود ہے، حکمران فلسطین کی مدد کے لیے فوج کو سامنے لائیں اور اقدامات کریں یا پیچھے ہٹ جائیں، انہوں نے کہا کہ جوبائیڈن روز کہتا ہے کہ اسرائیل ٹھیک کررہا ہے، امریکا ایک دہشت گرد ریاست ہے جسے 2 کروڑ ریڈ انڈینز کی لاشوں سے بنایا گیا ہے، ہم دہشت گردوں کی پشت پناہی کرنے والوں کو بے نقاب کریں گے اور حکمرانوں کو مجبور کریں گے کہ وہ فلسطینیوں کی مدد کریں۔

وزیراعظم اور آرمی چیف فلسطینی مسلمانوں کی مدد کریں

حافظ نعیم الرحمٰن نے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکٹر اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے کہا کہ وہ آگے بڑھ کر فلسطینی مسلمانوں کی مدد کریں، عالم اسلام کی افواج کو جمع کرکے پیش قدمی کریں تب ہی اسرائیل پیچھے ہٹنے پر مجبور ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp