بھارت میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ میں آسٹریلوی کھلاڑی بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر میچ میں شریک ہوئے۔
بھارتی شہر دہلی کے ارون جیٹلی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں آسٹریلوی ٹیم نے نیندر لینڈ کو جیتنے کے لیے 400 رنز ہدف دے دیا ہے۔
اب یہ سوال کیا جا رہا ہے کہ آیا آسٹریلوی ٹیم کے کھلاڑی بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر میچ میں کیوں شریک ہوئے۔
اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ دنوں آسٹریلیا کے سابق اسپنر فواد احمد کے بیٹے کا انتقال ہو گیا تھا جن سے اظہار ہمدردی کے لیے آسٹریلوی کرکٹرز نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں۔
آسٹریلوی کرکٹرز کا کہنا ہے کہ وہ دکھ کے لمحات میں فواد احمد اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
آسٹریلوی کرکٹر فواد احمد کے ہاں رواں سال جون میں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی جسے صحت کے کئی مسائل کا سامنا تھا اور بالآخر 23 اکتوبر کو وہ جان کی بازی ہار گیا۔
فواد احمد اس وقت وکٹوریہ میں ہیں اور کلب کرکٹ کھیل رہے ہیں۔