گوجرانوالہ کی انسداد دہشتگردی عدالت نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گوجرانوالہ کی انسداد دہشتگردی عدالت نے گجرات کے تھانہ انڈسٹریل میں رانا ثنا اللہ کے خلاف درج مقدمے میں رانا ثناء اللہ کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے اور پولیس کو انہیں 7 مارچ کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال گجرات کے تھانہ انڈسٹریل میں رانا ثناءاللہ کے خلاف مقدمہ درج ہوا جو کہ ق لیگ کے مقامی رہنما شاہکاز اسلم کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
مقدمے میں موقف اختیار کیا گیا کہ رانا ثناءاللہ نے اس وقت کے چیف سیکریٹری اور اس کے اہل خانہ کو جان سے مارنے کی دھمکی دی ، میں نے یہ دھمکیاں ٹی وی پر سنی اور دیکھی ہیں ۔
گجرات پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے انسداد دہشتگردی کی دفعات لگائیں، تاہم گجرات پولیس نے یہ مقدمہ خارج کر دیاہے اور اخراج رپورٹ گوجرانوالہ کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں جمع کروا ئی تھی ۔
گوجرانوالہ کی انسداد دہشتگردی عدالت نے ناقص تفتیش پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ تفتیشی، ڈی ایس پی اور ایس پی انوسٹی گیشن کوشوکا ز نوٹس جاری کرتے ہوئے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیدیا ہے ۔