31 اکتوبر کے بعد غیر قانونی مقیم غیرملکیوں کے لیے کوئی جگہ نہیں، نگراں وزیر داخلہ

جمعہ 27 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے  کہا ہے کہ 31 اکتوبر کے بعد غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے لیے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے غیرملکیوں کو دیے گئے الٹی میٹم میں صرف 2 روز باقی ہیں، حکومت نے جیو میپنگ مکمل کر لی ہے اور پلان تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی وطن واپسی کی مدت میں توسیع کا کوئی امکان نہیں ہے، دنیا کے کسی ملک میں ایسا نہیں ہوتاکہ 12 سے 15 ہزار لوگ بغیر سرکاری دستاویز کے کسی دوسرے ملک میں آتے جاتے رہیں۔

نگراں وزیر داخلہ نے کہا کہ قلعہ عبداللہ میں پاسپورٹ آفس شروع کیا جا رہا ہے، بلوچستان کے سرحدی علاقے میں کاروبار پر پابندی نہیں، حکومت نے صرف اسمگلنگ پر پابندی عائد کی ہے۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ آئندہ الیکشن میں سیکیورٹی کا چیلنج بہت بڑا ہے لیکن نگران حکومت اس چیلنج سے بھرپور طریقے سے نمٹے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا تھا کہ غیر قانونی مقیم غیرملکیوں کے پاس 31 اکتوبر کی مہلت ہے، یکم نومبر کے بعد  پاکستان میں رہنے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

انہوں نے واضح کیا تھا کہ غیر قانونی مقیم غیرملکی افراد مقررہ وقت پورا ہونے سے پہلے خود ہی واپس اپنے اپنے ملک چلے جائیں بصورت دیگر ریاست کارروائی کا حق رکھتی ہے، رضاکارانہ طور پر جانے والوں کے ساتھ ریاست اچھا برتاؤ کرے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp