خیبر پختونخوا حکومت نے پشاور سینٹرل جیل کے سامنے جیل بھرو تحریک کے دوران مظاہرہ کرنے پر پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کر لیا، کاروائی کے لئے متعلقہ تھانے کا مراسلہ ارسال کر دیا گیا۔
پشاور سینٹرل جیل کی جانب سے تھانہ شرقی کو مراسلہ ارسال کیا ہے، مراسلے میں مؤقف اپنایا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نے جیل کے سامنے جمع ہو کر مظاہرہ کیا اور کچھ کارکن حفاظتی حصار اور خار دار تاریں توڑ کر جیل کی حدود میں داخل ہوئے۔
مراسلے کے مطابق پشاور سینٹرل جیل ایک حساس مقام ہے، جہاں سینکڑوں عسکریت پسند اورانتہائی خطرناک قیدیوں کو بھی رکھا گیا ہے۔
سپرڈینڈنٹ پشاورسینٹرل جیل کی جانب سے لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ نو کارکنان کی نشاندہی کی گئی جن کی تصویریں بھی فراہم کی گئی ہے تاہم نام نہیں بتائے گئے۔
مراسلے میں کہا گیا کہ کئی گھنٹے تک مظاہرہ کرنے سے انتظامی امور متاثر ہوئے اور انھیں مشکلات کا سامنا ہوا، مراسلے میں کارکنان کا ذکر ہے لیکن قائدین کا نام نہیں ہے،تاہم ابھی تک مراسلے پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے قائدین اور ورکرز بڑی تعداد میں پشاور جیل کے باہر جیل بھرو تحریک کے تحت مظاہرہ کیا اور جیل کے گیٹ کھولنے کا مطالبہ کر کے گرفتاری نہیں دی۔ جو بعد ازاں پر امن پر منتشر ہو گئے۔